خضداربس دھماکے کا مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی میں درج


خضدار(قدرت روزنامہ)گزشتہ روز خضدار میں ہونے والے ہولناک دھماکے کا مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی میں درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس کی مدعیت میں درج مقدمے میں قتل، اقدام قتل اور انسداد دہشتگردی ایکٹ کی سنگین دفعات شامل کی گئی ہیں۔
سی ٹی ڈی کے مطابق دھماکے میں چار طالبات سمیت چھ افراد شہید ہوئے جبکہ 35 سے زائد افراد زخمی ہوئے تھے، جن میں متعدد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقدمے کی تفتیش شروع کر دی گئی ہے اور دہشتگردی کے اس افسوسناک واقعے میں ملوث عناصر کی تلاش کے لیے سی ٹی ڈی اور قانون نافذ کرنے والے دیگر ادارے سرگرم عمل ہیں۔
واقعے کے بعد علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے، جبکہ زخمیوں کو خضدار اور کوئٹہ کے مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز خضدار میں بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردوں نےایک اسکول بس کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں بچوں سمیت پانچ افراد کےشہید ہونےکی اطلاع تھی اب یہ تعداد بڑھ کر 6 ہو گئی ہے۔ شہدا میں چھٹی جماعت کی ثانیہ سومرو، ساتویں جماعت کی حفظہ کوثر اور دسویں جماعت کی عیشا سلیم شامل ہیں، حملے میں متعدد بچے بھی زخمی ہیں جو اسپتال میں زیرعلاج ہیں۔