پنجاب، KPK میں کھانا پکانے کیلئے چند گھنٹے گیس ملے گی

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزارتِ پٹرولیم اور سوئی ناردرن گیس کمپنی کی سردیوں میں گیس کی فراہمی سے متعلق حکمتِ عملی سامنے آگئی ہے، جس کے تحت پنجاب اور خیبر پختون خوا کے صارفین کو 24 گھنٹوں میں سے صرف چند گھنٹے گیس مل سکے گی۔
گیس صارفین کو کھانا پکانے کیلئے صرف چند گھنٹے گیس ملے گی، باقی وقت گیس بند رہے گی اور چولہے ٹھنڈے رہیں گے۔سوئی ناردرن نے گھریلو صارفین کے لیے صبح، دوپہر اور شام کو گیس دینے کا شیڈول تیار کر لیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب اور خیبر پختون خوا کے گھریلو صارفین کو صبح ساڑھے 5 بجے سے ساڑھے 8 بجے تک گیس ملے گی، پھر دن ساڑھے 11 بجے سے 2 بجے تک اور پھر شام 4 بجے سے رات 10 بجے تک گیس ملے گی۔سوئی ناردرن کمپنی کے ذرائع نے بتایا ہے کہ گیس کی فراہمی کے اس شیڈول کا نفاذ دسمبر سے ہو گا اور اس پر فروری تک عمل ہو گا۔