آئندہ 24گھنٹوں میں ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم شدید گرم اور خشک رہنے کی پیشگوئی

بحیرہ عرب میں طوفان بننے کا خدشہ، سسٹم کراچی سے تقریبا 1075 کلومیٹر دور ہ ، پاکستانی ساحلی علاقوں کو فی الحال کوئی خطرہ لاحق نہیں،محکمہ موسمیات
اسلام آباد(قدرت روزنامہ )محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد اور گردونواح میں موسم شدید گرم اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی ہے ۔ جبکہ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ بحیرہ عرب کے مشرقی وسطی حصے میں ہوا کے کم دبا ئوکا ایک نیا سسٹم تشکیل پا گیا ہے، جو آئندہ 36 گھنٹوں میں شدت اختیار کر کے ڈپریشن میں تبدیل ہو سکتا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا، جنوبی اور وسطی اضلاع میں دن کے اوقات میں شدید گرمی کا امکان ہے۔پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم شدید گرم اور خشک رہے گا، شدید گرم موسم کے باعث وسطی، جنوبی پنجاب میں گرد آلود ہوائیں چلیں گی۔سندھ کے بیشتر اضلاع میں بھی موسم شدید گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، دوپہر کے بعد ساحلی علاقوں میں تیز اور گرد آلود ہوائیں چلنے کی توقع ہے جبکہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہے گا، دوپہر کے بعد ژوب، موسی خیل، بارکھان میں بارش ہو سکتی ہے۔ دریں اثنا محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ بحیرہ عرب کے مشرقی وسطی حصے میں ہوا کے کم دبا ئوکا ایک نیا سسٹم تشکیل پا گیا ہے، جو آئندہ 36 گھنٹوں میں شدت اختیار کر کے ڈپریشن میں تبدیل ہو سکتا ہے۔ یہ سسٹم کراچی سے تقریبا 1075 کلومیٹر جنوب مشرق میں 16.4 شمالی عرض البلد اور 71.9 مشرقی طول البلد پر موجود ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق یہ سسٹم ابتدائی طور پر شمال کی جانب بڑھنے کا امکان رکھتا ہے، تاہم پاکستانی ساحلی علاقوں کو فی الحال کوئی خطرہ لاحق نہیں۔ ادارے کا کہنا ہے کہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے، اور کسی بھی ممکنہ خطرے کی صورت میں عوام کو بروقت آگاہ کیا جائے گا۔ ماہرین موسمیات نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ افواہوں پر دھیان نہ دیں اور صرف محکمہ موسمیات کی جاری کردہ معلومات پر بھروسا کریں۔ طوفان یا بارش سے متعلق کوئی بھی حتمی پیشگوئی سسٹم کے مزید قریب آنے کے بعد ہی کی جا سکے گی۔