ملک کے مختلف شہروں میں عیدالاضحیٰ کے لیے مویشی منڈیوں کے مقامات کا اعلان کر دیا گیا

اسلام آباد / لاہور(قدرت روزنامہ) عیدالاضحیٰ 2025 کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور صوبائی دارالحکومت لاہور میں ضلعی انتظامیہ نے مویشی منڈیوں کے لیے مقامات کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے تاکہ قربانی کے جانوروں کی خرید و فروخت کو منظم اور مؤثر بنایا جا سکے۔
اسلام آباد میں پانچ مویشی منڈیاں قائم ہوں گی
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن کی زیر صدارت اجلاس میں مویشی منڈیوں کے مقامات کو حتمی شکل دی گئی، جس میں اسسٹنٹ کمشنرز اور میٹروپولیٹن کارپوریشن (DMA) کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پانچ مقامات پر کیٹل منڈیاں لگائی جائیں گی تاکہ رہائشی علاقوں میں رکاوٹیں کم کی جا سکیں اور عوام کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
اسلام آباد میں مویشی منڈیاں درج ذیل مقامات پر قائم ہوں گی:
سانجھنی
سیکٹر I-15
بہارہ کہو
لہتراڑ روڈ
اسلام آباد ایکسپریس وے کے ساتھ متعین مقام
ضلعی انتظامیہ نے غیر قانونی منڈیوں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ بھی کیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے غیر قانونی مویشی منڈیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم دے دیا ہے جبکہ شہر میں صفائی و نظم و نسق برقرار رکھنے کے لیے قانون پر سختی سے عمل درآمد کرانے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
لاہور میں بھی پانچ عارضی منڈیوں کا اعلان
لاہور کی ضلعی انتظامیہ نے بھی پانچ عارضی مویشی منڈیوں کے قیام کی منظوری دے دی ہے، جب کہ شاہ پور کانجراں کی مستقل منڈی عیدالاضحیٰ کے پورے سیزن میں فعال رہے گی۔
لاہور میں عارضی مویشی منڈیوں کے مقامات درج ذیل ہیں:
رائے ونڈ
واہگہ اسپورٹس کمپلیکس
نشتر ایل ڈی اے سٹی
راوی (موضع نین سکھ)
برکی روڈ
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ان منڈیوں کا مقصد شہریوں کو سہولت دینا اور غیر قانونی جانوروں کی خرید و فروخت کی روک تھام ہے۔
ضلعی حکام کا کہنا ہے کہ ان منڈیوں کی نگرانی کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جا رہی ہیں، جبکہ حفاظتی، صفائی اور ٹریفک کے انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا۔
عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ صرف سرکاری طور پر منظور شدہ مویشی منڈیوں سے ہی قربانی کے جانور خریدیں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع ضلعی انتظامیہ کو دیں۔