وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کا پختہ عزم ہے کہ فتنہ ہندوستان کو جڑ سے ختم کریں گے، عطا تارڑ

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کا پختہ عزم ہے کہ فتنہ ہندوستان کو جڑ سے ختم کریں گے، دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو نہیں چھوڑا جائے گا، 10 مئی کو بھارتی حملے کے دن ہی بلوچستان میں 30 مقامات پر حملے روابط ظاہر کرتے ہیں، ہم واحد قوم ہیں جس کے بچوں نے بھی قربانیاں دی ہیں جس نے بچوں پرہاتھ ڈالا، انہیں نہیں چھوڑیں گے۔
آج نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ پاکستان دنیا کی واحد قوم ہے جس کے بچوں نے بھی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیاں دیں اور ان معصوم جانوں کی قربانی کو تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔
عطا تارڑ نے کہا کہ 10 تاریخ کو بھارت نے دوبارہ حملے کیے اور اسی روز بلوچستان میں 30 مختلف مقامات پر حملے کیے گئے، جو ایک منظم اور مربوط کارروائی کا حصہ تھے۔ ان کے مطابق اسکول جاتے ہوئے بچوں کی بس پر حملہ ذہنی پستی اور دشمن کی بزدلی کی عکاسی کرتا ہے۔
وفاقی وزیر نے شہید ہونے والے بچوں کے اہل خانہ کے حوصلے کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایسے سانحات کے باوجود قوم کے حوصلے پست نہیں ہوئے۔ ’چاہے اے پی ایس کا واقعہ ہو، بھارتی جارحیت ہو یا بلوچستان میں حالیہ حملے، ہماری قوم نے ہر محاذ پر قربانیاں دیں۔‘
عطا تارڑ نے بھارتی میڈیا پر بھی تنقید کی اور کہا کہ وہاں فتنہ ہندوستان کے عناصر کے انٹرویوز دکھائے جا رہے ہیں، جو دراصل دہشتگردوں کی پشت پناہی کا ثبوت ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ’یہ واضح پیغام ہے کہ انہوں نے بچوں پر ہاتھ ڈالا ہے ہم انہیں نہیں چھوڑیں گے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل دونوں کا پختہ عزم ہے کہ ’فتنہ ہندوستان‘ کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے گا۔ عطا تارڑ کے مطابق خضدار دھماکے کا حملہ آور موٹرسائیکل پر سوار تھا اور اس حملے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کو کسی صورت بخشا نہیں جائے گا۔