فتنہ ہندوستان خضدار حملہ میں ملوث، دہشتگردوں کو خطرناک نتائج بھگتنا ہونگے، سیکرٹری داخلہ


راولپنڈی(قدرت روزنامہ)وفاقی سیکرٹری داخلہ اکبردرانی نے کہا ہے کہ خضدار حملہ فتنہ ہندوستان کا تسلسل ہے،دہشتگردوں کو خضدار حملے کے خطرناک نتائج بھگتنا ہونگے۔
وفاقی سیکرٹری داخلہ اکبر درانی نے ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ خضدار میں دہشتگردی کا افسوسناک واقعہ پیش آیا، فتنہ الہندوستان نے سکول کے بچوں کو نشانہ بنایا، ابتدائی تحقیقات میں سامنے آیا کہ خضدار حملہ فتنہ ہندوستان کا تسلسل ہے، بلوچستان میں حملے کا واقعہ بھارتی انٹیلی جنس ایجنسی را کی سرپرستی میں ہوا، فتنہ الہندوستان نے خطے کے امن کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی،وفاقی سیکرٹری داخلہ نے کہاکہ پاکستان کے عوام دہشتگردی کی مذموم کوشش کوکامیاب نہیں ہونے دیں گے، دہشتگردوں کو خضدار حملے کے خطرناک نتائج بھگتنا ہونگے ،ان کاکہناتھا کہ خضدار حملہ ہماری تعلیم اور روایات پر حملہ تھا، متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔حکومت پاکستان ان نیٹ ورکس کو ختم کرے گی، ذمے داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔