پاکستانی فضائی حدود میں بھارتی طیاروں کی پرواز پر پابندی میں 24 جون تک توسیع

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستانی فضائی حدود میں بھارتی طیاروں کی پرواز پر پابندی میں 24 جون تک توسیع کردی گئی، پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے نوٹم جاری کردیا۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے نوٹم کے مطابق پاکستانی حدود میں بھارتی طیاروں کی پرواز پر پابندی میں 24 جون 2025 تک توسیع کردی گئی ہے۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے نوٹم میں کہا ہے کہ بھارتی رجسٹرڈ، آپریٹڈ، ملکیت یا لیز پر لیے گئے تمام طیارے پابندی کی زد میں رہیں گے، یہ پابندی بھارتی فوجی طیاروں پر بھی لاگو ہوگی، بھارتی ایئر لائنز یا آپریٹرز کے زیرانتظام کوئی بھی پرواز پاکستانی فضائی حدود استعمال نہیں کرسکے گی۔
واضح رہے کہ بھارت کی جانب سے پہلگام واقعے کو بنیاد بنا کر پاکستانی پروازوں پر پابندی عائد کی گئی تھی، جس کے جواب میں پاکستان نے بھی بھارتی طیاروں کے پاکستانی فضائی حدود استعمال کرنے پر پابندی عائد کردی تھی۔
دوسری طرف پاکستانی فضائی حدود کی بندش سے بھارتی ائیر لائنز کو ایک ماہ میں 800 کروڑ روپے سے زائد کا نقصان اٹھانا پڑا ہے، پابندی برقرار رہنے کی صورت میں بھارتی حکومت نے اگر ایئر لائنز کے مطالبات کے مطابق خصوصی مدد نہیں کی تو انہیں آپریشن برقرار رکھنے کیلئے غیر معمولی اور بڑے فیصلے کرنا پڑ سکتے ہیں۔