کراچی میں گڈز ٹرانسپورٹرز کا آج احتجاجی ریلی کا اعلان

کراچی (قدرت روزنامہ)کراچی میں گڈز ٹرانسپورٹرز نے آج احتجاجی ریلی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے بھر میں ان کی گاڑیوں کو نذر آتش کیا جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گڈز ٹرانسپورٹرز کی جانب سے سندھ حکومت کو دی گئی ڈیڈ لائن ختم ہوگئی جس کے بعد ٹرانسپورٹرز نے آج سہ پہر 3 بجے احتجاجی ریلی کا اعلان کیا ہے۔
اس سے قبل گڈز ٹرانسپورٹرز کا رات گئے اجلاس ہوا جس میں احتجاج کا متفقہ فیصلہ کیا گیا۔ پاکستان گڈز ٹرانسپورٹرز الائنس کے صدر ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ احتجاجی ریلی میں پاکستان بھر سے ٹرانسپورٹرز شرکت کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ کے مختلف علاقوں میں ان کی گاڑیوں کو نذر آتش کیا جا رہا ہے اور ایسے حالات میں گاڑیاں چلانا ممکن نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ حکومت ان کے مسائل کو سنجیدگی سے نہیں لے رہی۔
خیال رہے کہ 22 مئی کو ٹرانسپورٹرز نے سندھ حکومت کو اپنے نقصانات کے ازالے کے لیے 48 گھنٹے کا الٹی میٹم دیا تھا جو اب گزر چکا ہے۔
واضح رہے کہ 22 مئی کو ٹرانسپورٹرز نے سندھ حکومت کو تباہ شدہ گاڑیوں، آئل ٹینکرز اور لوٹے گئے سامان کا مکمل معاوضہ ادا کرنے کے لیے 48 گھنٹے کا الٹی میٹم دیا تھا۔ بصورت دیگر انہوں نے ملک گیر پہیہ جام ہڑتال کا انتباہ دیا۔
گڈز ٹرانسپورٹرز نے اپنی گاڑیوں کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ انہیں 28 ارب روپے کا نقصان ہوا ہے۔