خیبرپختونخوا کی بیمار اور بند صنعتوں کو بڑی سہولت دینے کا فیصلہ


پشاور(قدرت روزنامہ)پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی نے خیبرپختونخوا کی بیمار اور بند صنعتوں کو بڑی سہولت دینے کا فیصلہ کرلیا۔
پیسکو انتظامیہ نے صنعتی صارفین کے کنکشنز کی دوبارہ بحالی کے طریقہ کار کی منظوری دے دی ۔ 6 ماہ سے 10 سال تک منقطع کنکشن کے بقایاجات 24 ماہ میں جمع کرانے کی سہولت کی منظوری دیدی گئی۔پہلی قسط جمع کرانے کے ساتھ بجلی کنکشن بحال کردیا جائے گا۔ فیصلے کا مقصد ادارے کی وصولیوں کی شرح کو بہتر بنانا اور صنعتی صارفین کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔
پیسکو نے تمام متعلقہ دفاتر کو سب ڈویژنز کی سطح تک آگاہی اور عمل درآمد کےلئے مراسلہ بھیجنے کی ہدایت کردی ہے تاہم اقساط پر بقایاجات کی ادائیگی کے لئے مجاز اتھارٹی سے منظوری لینا لازمی ہوگی۔
پہلی قسط کی ادائیگی پر کنکشن نیپرا کے ری کنکشن پالیسی کے مطابق بحال کردیا جائے گا۔ری کنکشن کے وقت پہلے سے چیکس جمع کروانے ہوں گے، ایک ایڈوانس قسط جمع کرانا بھی لازمی ہوگا۔
اسی طرح بجلی بل بقایاجات پر مارک اپ لاگو ہوگا جسے نیپرا طے کرے گا اور وہ پہلی قسط کے ساتھ واجب الادا ہوگا۔ یہ بھی فیصلہ ہوا کہ کنکشن بحالی کے بعد جو صنعتی یونٹ ماہانہ بل یا قسط کی ادائیگی نہیں کریگا اس کا کنکشن کسی نوٹس کے بغیر منقطع کر دیا جائے گا۔