معاشی میدان میں بھی آپریشن بنیان مرصوص کوکامیاب بنائیں گے، احسن اقبال کا عزم

نارووال(قدرت روزنامہ)وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ بنیان مرصوص میں شاندار کامیابی ملی، معاشی میدان میں بھی آپریشن بنیان مرصوص کوکامیاب بنائیں گے۔نارووال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ ہمیں آپریشن بنیان مرصوص میں شاندار کامیابی ملی ہے، اب معاشی میدان میں آپریشن بنیان مرصوص کوکامیاب بنائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا شمار دنیا کےکم ترین ٹیکس ادا کرنےوالے ملکوں میں ہوتا ہے، ہمارے ترقی کےخواب بڑے ہیں،لیکن ہماری ٹیکسوں کی ادائیگی کم ترین ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ٹیکس ٹو جی ڈی پی تناسب کوساڑھے 10 فیصد سے 16 یا 18فیصد تک لے کر جانا ہے، اس کے لیے پاکستان کا ہر شہری اپنی آمدن پر ٹیکس ادا کرے۔انہوں نے کہا کہ جو لوگ ٹیکس ادا کررہے ہیں،وہ ٹیکس چوری کےخلاف چوکیدار کاکردار ادا کریں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ اگرہم نے مستقل پائیدار ترقی کرنی ہےتو اس کا راستہ برآمدات کےفروغ میں ہے، یہ فروغ 1،2ارب ڈالر کاسالانہ بنیادوں پرنہیں بلکہ5،10 ارب ڈالر کی چھلانگیں چاہیئں۔انہوں نے بتایا کہ پاکستان کو ایک جدید ٹیکنالوجی بیس ملک بنانےکےلیے اگلے بجٹ میں اقدامات تجویز کر رہے ہیں۔احسن اقبال نے کہا کہ ہمارے سائنس دانوں نے، ہمارے انجینیئرز نےدفاع کےشعبے میں دو سنگ میل عبور کیے، 28 مئی کو ایٹمی دھماکوں سے ہمیں ایٹمی طاقت بنایا اور 10مئی کوہماری افواج نے دندان شکن جواب دے کربھارت کا غرور خاک میں ملایا۔