اساتذہ اور عملے کو ملنے والے 6 الاﺅنسز ختم، بلوچستان یونیورسٹی میں کلاسز اور دفاتر کا بائیکاٹ


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)بلوچستان حکومت نے صوبے کی جامعات کے اساتذہ اور ملازمین دئےے جانے والے 6مختلف الاﺅنسز کو ختم کر کے ایک الاﺅنس متعارف کروا دیا،تنخواہوں میں کٹوتی سے ملازمین میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ کالجز، ہائیر اینڈ ٹیکنیکل ایجوکیشن بلوچستان نے صوبے کی مختلف جامعات کے ملازمین کو ملنے والے چھ الاﺅنسز یوٹیلیٹی الاﺅنس ، ہاﺅس ریکوزیشن ، آرڈر لی الاﺅنس، ہارڈ شپ الاﺅنس، ٹیکنیکل سیبجکٹ الاﺅنس ، اسپیشل الاﺅنس کو ختم کر کے کوئٹہ کی جامعات کے لئے 2022کی بیسک پے اسکیل کا ابتدائی 25فیصد جبکہ کوئٹہ سے باہر کی جامعات کے لئے 35فیصد پی ایس یو الاﺅنس متعارف کروا دیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق مستقبل میں کسی بھی الاﺅنس میں رد و بدل کے لئے صوبائی کابینہ کی منظوری لی جائےگی جبکہ یہ پی ایس یو الاﺅنس کنٹریکٹ، ایڈہاک یا ٹی ٹی ایس ملازمین کو نہیں دیا جائےگا ۔ صوبے کی جامعات کے ملازمین کو ملنے والے اس الاﺅنس کا اثر پنشن اور گریجویٹی کی مد میں بھی اثر انداز نہیں ہوگا ۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ بلوچستان حکومت اور ایچ ای سی کی گرانٹ ان ایڈ کو جامعات صرف تنخواہوں اور پنشن کی مد میں استعمال کر سکیں گی جبکہ جامعات کے دیگر اخراجات انہیں اپنی آمدن سے کرنے ہونگے جبکہ جامعات کو کہا گیا ہے کہ وہ اپنے ذرائع سے خود فنڈز پیدا کریں تاکہ حکومت پر انحصار کم کیا جا سکے ۔بلوچستان حکومت کی جانب سے الاﺅنسز کی کٹوتی سے جامعات کے ملازمین بالخصوص استاتذہ کی تنخواہوں میں کمی ہونے کا اندیشہ ہے جس پر ملازمین تنظیموں نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے آئندہ کا لائحہ عمل جلد اعلان کرنے پر مشاورت شروع کردی ہے ۔ علاوہ ازیں بلوچستان گرینڈ الائنس کے متفقہ فیصلوں کے مطابق جامعہ بلوچستان میں اساتذہ کرام، آفیسران اور ملازمین نے جمعرات اور جمعہ کو بھر پور طریقے سے کامیاب یوم سیاہ منایا اور کل بروزِ سوموار 26 مئی کو صوبے بھر کے تمام سرکاری اداروں بشمول جامعہ بلوچستان میں قلم چھوڑ ہڑتال اور کلاسز کا بائیکاٹ کیا جائے گا۔ اس حوالے سے اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشن جنرل سیکرٹری فرید اچکزئی کا کہنا ہے کہ جامعہ بلوچستان میں قلم چھوڑ ہڑتال تو اب اور بھی زیادہ لازمی ہے کیونکہ صوبائی حکومت نے جامعہ بلوچستان کے اساتذہ کرام، آفیسران اور ملازمین کے منظور شدہ الاﺅنسز ختم کرنے کا غیرقانونی نوٹیفکیشن جاری کیا۔ اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشن جامعہ بلوچستان تمام اساتذہ کرام سے بھرپور انداز میں اپیل کرتی ہے کہ وہ کل بروزِ سوموار 26 مئی کو کلاسز نہ لیں اور کلاسز سے بائیکاٹ کریں، ایمپلائز اور آفیسرز بھی قلم چھوڑ ہڑتال میں بھرپور حصہ لیں۔ ایمپلائز ایسوسی ایشن اور آفیسرز ایسوسی ایشن جامعہ بلوچستان سے بھی گزارش ہے کہ وہ بھی ٹرانسپورٹ بند کریں اور دفاتر میں کوئی کام احتجاجی طور پر نہ کریں۔ اس سلسلے میں اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشن جامعہ بلوچستان کی کابینہ کا اجلاس بروزِ سوموار 26 مئی کو صبح 10 بجے اے ایس اے کے دفتر میں بلایا گیا ہے۔