شاہین، رضوان اور بابر کے نہ ہونے سے کوئی پریشر نہیں ہو گا، سلمان آغا

لاہور(قدرت روزنامہ)پاکستان ٹیم کے کپتان سلمان آغا نے کہاہے کہ ڈی آر ایس سے کافی مدد ملتی ہے، اس کے نہ ہونے سے مشکل ہوگی، اب ہمیں امپائرزپر اعتماد کرنا ہے، وسیم جونیئر کی انجری کو فزیو دیکھ رہے ہیں، فیصلہ آج یا کل ہوجائے گا۔بنگلہ دیش کیخلاف ٹی ٹوینٹی سیریز سے قبل پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے کپتان سلمان آغا نے کہا کہ انٹرنیشنل کرکٹ میں کوئی سیریز اور ٹیم آسان نہیں ہوتی، بنگلہ دیش کی ٹیم اچھی ہے ،ہم کوشش کرینگے اچھی کرکٹ کھیلیں ، سفیان مقیم میرے فیورٹ بولرہیں،وہ وائٹ بال میں پاکستان کو کافی آگے لے جاسکتے ہیں، شاداب خان کی واپسی نہیں ہوئی وہ پچھلی سیریز میں بھی ٹیم میں تھے۔
سلمان آغا کا کہناتھا کہ بنگلہ دیش کے پاس کافی اچھے بولرز اور بیٹرز ہیں،کسی ایک کو ٹارگٹ نہیں کر رہے، ہم چاہیئں گے بنگلہ دیش کے کپتان لٹن داس کو رنز نہ بنانے دیں، شاہین، رضوان اور بابر کے نہ ہونے سے کوئی پریشر نہیں ہو گا، پاکستان میں اتنا ٹیلنٹ ہے کہ کوئی بھی کسی بھی وقت کسی کا متبادل ہو سکتا ہے، شاہین، بابر اور رضوان کی پاکستان کیلئے بہت سی پرفارمنس ہیں، وائٹ بال کرکٹ کیلئے پلان بنائے ہیں کوشش کریں گے ان پرعمل کریں۔
کپتان نے کہا کہ پلیئنگ الیون اور اوپنرز کا کل پتہ چل جائے گا، کوشش ہے ورلڈکپ کیلئے 20 سے 25 کھلاڑیوں کا پول تیار کریں، ٹیم سلیکشن ہیڈ کوچ اور سلیکشن کمیٹی کیساتھ مل کر بناتے ہیں، ٹیم سلیکشن میں میرا رول بھی شامل ہوتا ہے، کوشش کریں گے زیادہ سے زیادہ کھلاڑیوں کو موقع دیں، نوجوان اور سینئرز کو ملا کر ٹیم بنانے کی کوشش ہے، ماڈرن ڈے کرکٹ اور اٹیکنگ کرکٹ کھیلیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کی وجہ سے انٹرنیشنل پرفارمنس کو نظرانداز نہیں کرسکتے، نیوزی لینڈ میں جو پلیئنگ الیون مانگی مجھے ملی، ابھی ٹیم میں 3 اوپنرز ہیں، حسن نواز اب اوپنر نہیں مڈل آرڈر بیٹرہیں، بنگلہ دیش کی ٹیم میں کوالٹی پلیئرز ہیں، ڈی آر ایس سے کافی مدد ملتی ہے، اس کے نہ ہونے سے مشکل ہوگی، اب ہمیں امپائرزپر اعتماد کرنا ہے،امید ہے اچھی امپائرنگ دیکھنے کو ملے گی، وسیم جونیئر کی انجری کو فزیو دیکھ رہے ہیں، فیصلہ آج یا کل ہوجائے گا۔