پی آئی اے کی نجکاری کیلئے دلچسپی کی درخواستیں جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع

اسلام آباد (قدرت روزنامہ )وفاقی حکومت نے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کی نجکاری کے لیے اظہار دلچسپی کی درخواستیں جمع کرانے کی تاریخ 3 جون سے بڑھا کر 19 جون کردی۔
ڈان نیوز کے مطابق وفاقی حکومت نے گزشتہ ماہ پی آئی اے کی نجکاری کا باضابطہ عمل دوبارہ شروع کرتے ہوئے اظہاردلچسپی کی درخواستوں کے لیے اشتہارجاری کیا تھا، جس کے لئے آخری تاریخ 3 جون مقرر کی گئی تھی جو اب بڑھا دی گئی ہے۔
نجکاری کمیشن کے مطابق پی آئی اے کے 51 سے 100 فیصد شیئرز فروخت کرنے کے لئے پیش کئے جائیں گے جبکہ پی آئی اے کا مینجمنٹ کنٹرول بھی منتقل کیا جائےگا، پی آئی اے کے کور اور نان کور بزنس کو الگ الگ کیا گیا ہے، پی آئی اے کے اثاثے اور واجبات پی آئی اے ہولڈنگ کمپنی لمیٹڈ کو منتقل کئے گئے ہیں۔نجکاری کمیشن کا کہنا ہے کہ نئے طیاروں کی خریداری اور لیز کے حوالے سے سیلز ٹیکس چھوٹ دی جاسکتی ہے، پی آئی اے کو مالی معاونت بھی فراہم کی جائے گی۔
واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے گزشتہ سال پی آئی اے کی نجکاری کی کوشش کی تھی جو کامیاب نہیں ہوئی تھی،گزشتہ سال توقع سے انتہائی کم بولی لگنے پر نجکاری بورڈ نے قومی ایئرلائن کی نجکاری کے لئے موصول ہونے والے بولیاں مسترد کردی تھیں۔یاد رہے کہ پی آئی اے کی نجکاری کے لئے گزشتہ سال 31 اکتوبر کو بولی کھولی گئی تھی اور قومی ایئر لائن کے 60 فیصد حصص کی نجکاری کے لئے 85 ارب روپے کی خواہاں حکومت کو صرف 10 ارب روپے کی بولی موصول ہوئی تھی جو منظور نہیں کی گئی تھی۔