اپنی باتوں پر قائم ہوں، سابق چیف جج گلگت بلتستان

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سابق چیف جج گلگت بلتستان راناشمیم نے کہا ہے’انصارعباسی سےکی گئی باتوں پرقائم ہوں‘‘۔انہوں نے کہا کہ سابق چیف جسٹس ثاقب نثارکے پاس میری توسیع کا اختیار ہی نہیں۔ جی بی اور آزاد کشمیر کی سپریم کورٹس سپریم کورٹ پاکستان کے ماتحت نہیں۔رانا شمیم نے کہا کہ جی بی اور آزاد کشمیرکی سپریم کورٹس کے چیف جج کوتوسیع دینے کا اختیار وزیراعظم کا ہے۔
خیال رہے جنگ اخبار کی خبر کے مطابق گلگت بلتستان کے سابق چیف جسٹس رانا ایم شمیم نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ اس واقعے کے گواہ ہیں جب اُس وقت کے چیف جسٹس پاکستان ثاقب نثار نے ہائی کورٹ کے ایک جج کو حکم دیا تھا کہ 2018ء کے عام انتخابات سے قبل نواز شریف اور مریم نواز کو ضمانت پر رہا نہ کیا جائے۔
سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے ہم نیوز کے ساتھ بات کرتے ہوئے جنگ اخبار کی خبر کو بے بنیاد اور حقائق کے منافی قرار دیا تھا۔ثاقب نثار نے ہم نیوز سے گفتگو میں کہا ہے کہ جو خبر چھپی ہے وہ بے بنیاد ہے۔ میں نے کسی کے لئے کوئی سفارش نہیں کی تھی ۔
انہوں نے کہا ہے کہ یہ خبر حقائق کے منافی ہے ۔ رانا شمیم عہدے پر توسیع مانگ رہے تھے جو میں نے نہیں دی۔ رانا شمیم چاہتے تھے کہ ان کو بطور چیف جسٹس عہدے پر توسیع دی جائے ان کی توسیع قانون کے مطابق نہیں بنتی تھی۔