فیلڈ مارشل کی آذربائیجان کے وزیرِ دفاع سے ملاقات، دفاعی تعلقات مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری) نے لچین، آذربائیجان میں آذربائیجان کے وزیرِ دفاع کرنل جنرل حسنوف زاکر اسگر اوغلو سے ملاقات کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی صورتحال اور پاکستان اور آذربائیجان کے مابین دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق آرمی چیف نے دونوں ممالک کے درمیان مضبوط دو طرفہ تعلقات کو سراہا اور آذربائیجان کے ساتھ دفاعی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔