تعلیم، صحت، کھیل، بجلی، گیس، پانی، اور صفائی جیسے اہم شعبوں میں کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا،حاجی علی مدد جتک
کوئٹہ کے منتخب اراکین اسمبلی نے حاجی علی مدد جتک کی سربراہی میں اہم اجلاس ،وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)کوئٹہ کے منتخب اراکین اسمبلی نے حاجی علی مدد جتک کی سربراہی میں ایک اہم اجلاس منعقد کیا، جس میں وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس کا مقصد کوئٹہ شہر کی تعمیر و ترقی کے لیے مشترکہ حکمت عملی مرتب کرنا اور عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو ترجیح دینا تھا۔
اجلاس میں شریک تمام اراکین نے سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر یہ عہد کیا کہ وہ کوئٹہ کی ترقی، صفائی اور شہری سہولیات کی بہتری کے لیے مل کر کام کریں گے۔ اجلاس میں حاجی علی مدد جتک، آغا عمر احمد زئی، میر لیاقت علی لہڑی، ملک نعیم بازئی، زرئق مندوخیل، میر عبید گورگیج، میر عبدالصمد گورگیج اور قبائلی رہنما میر ساجد دشتی سمیت دیگر معزز اراکین نے شرکت کی شرکاء نے اتفاق رائے سے فیصلہ کیا کہ تعلیم، صحت، کھیل، بجلی، گیس، پانی، اور صفائی جیسے اہم شعبوں میں کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ ان شعبوں میں فوری بہتری کے اقدامات کو ترجیح دی جائے گی تاکہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔
اجلاس کے بعد جاری مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا کہ کوئٹہ ہم سب کا ہے، اور ہم سب کوئٹہ کے لیے ہیں یہ نعرہ اس عزم کا مظہر ہے کہ تمام منتخب نمائندے شہر کی ترقی کے لیے ایک پیج پر ہیں اور اپنی توانائیاں ایک خوشحال، صاف اور ترقی یافتہ کوئٹہ کے لیے وقف کریں گے اجلاس میں شریک اراکین نے اس بات پر زور دیا کہ آئندہ بھی اس نوعیت کے مشاورتی اجلاس منعقد کیے جاتے رہیں گے تاکہ حکومتی اقدامات میں شفافیت اور عوامی شمولیت کو فروغ دیا جا سکے مزید برآں، اجلاس میں باہمی مشاورت سے تنظیمی ڈھانچے کی تشکیل دی گئی، جس کے تحت باپ پارٹی کے ایم پی اے آغا عمر احمد زئی کو چیئرمین، ن لیگ کے ایم پی اے زرئق خان مندوخیل کو ڈپٹی چیئرمین، پیپلز پارٹی کے ایم پی اے حاجی علی مدد جتک کو سینیئر نائب صدر اور عوامی نیشنل پارٹی کے ایم پی اے ملک نعیم بازئی کو ڈپٹی نائب صدر منتخب کیا گیا۔