پاکستان کے ہاتھوں رافیل جہازوں کی تباہی، فرانسیسی فوج کے ترجمان کا ردعمل بھی سامنے آگیا

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان نے بھارت کے ساتھ جنگ کے دوران بھارت کے 6 جنگی جہاز مار گرائے جن میں 3 رافیل جہاز بھی شامل تھے۔ رافیل لڑاکا جہازوں کی تباہی پر فرانسیسی فوج کے ترجمان کا ردعمل بھی سامنے آگیا۔
فرانس کے دارالحکومت پیرس میں گزشتہ روز معمول کی بریفنگ کے دوران صحافی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے فرانسیسی فوج کے ترجمان نے کہاکہ واقعےکی تفصیلات ابھی غیر یقینی ہیں اور بہت سے پہلو تصدیق طلب ہیں۔
انہوں نے کہاکہ فرانس رافیل کی کارکردگی کے حوالے سے صورت حال کا جائزہ لے رہا ہے اور بھارت کے ساتھ رابطے میں ہے، تاکہ براہِ راست معلومات حاصل کی جا سکیں۔ اگر جہازوں کی تباہی کا دعویٰ درست ثابت ہوا تو یہ رافیل کے مار گرائے جانے کا پہلا واقعہ ہوگا۔
واضح رہے کہ 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب بھارت نے پاکستان پر میزائلوں سے حملہ کیا تھا، جس کا پاکستان کی جانب سے منہ توڑ جواب دیتے ہوئے 5 جہاز گرائے گئے تھے۔
بعد ازاں بھارت نے ایک بار پھر 9 مئی کی رات کو پاکستان پر میزائل داغے، جس کے جواب میں پاکستان کی مسلح افواج نے 10 مئی کی صبح جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارت کے اندر گھس کر کارروائی کرتے ہوئے فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا تھا۔
پاکستان نے اس روز کارروائی کرتے ہوئے بھارت کے ایک اور جنگی جہاز کو مار گرایا تھا۔
بعد ازاں پریس بریفنگ میں ایئر وائس مارشل اورنگزیب احمد نے بتایا تھا کہ پاکستان نے بھارت کے 6 جنگی جہاز مار گرائے ہیں، جبکہ ہمیں کوئی نقصان نہیں اٹھانا پڑا۔
پاکستان کی جانب سے بھارت کے جنگی جہاز رافیل کو مار گرائے جانے کے بعد یہ جہاز بنانے والی فرانسیسی کمپنی کے شیئرز گر گئے تھے، جبکہ جے ایف 17 تھنڈر بنانے والی چینی کمپنی کے شیئرز میں اضافہ ہوا تھا۔