کراچی میں شدید گرمی کا زور، شدت 50 ڈگری تک محسوس کی جائے گی

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)شہر قائد میں آج درجہ حرارت میں نمایاں اضافے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40 سے 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے، جبکہ گرمی کی شدت 49 سے 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک محسوس کی جائے گی۔
محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آج دن بھر شہر میں خشک ہوائیں چلتی رہیں گی اور شہریوں کو لو کی کیفیت کا سامنا ہو سکتا ہے۔ ادارے کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم انتہائی گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اس وقت شہر کا درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ گرمی کی شدت 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک محسوس کی جا رہی ہے۔ شمالی سمت سے 6 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، اور ہوا میں نمی کا تناسب 68 فیصد ہے۔
شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں، پانی کا زیادہ استعمال کریں اور خود کو ہیٹ اسٹروک سے بچانے کے لیے احتیاطی تدابیر اپنائیں۔