نئی نیٹ میٹرنگ پالیسی تیار، کابینہ کی منظوری کا انتظار ہے، وزیر توانائی

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ کے ہدایت پر نیٹ میٹرنگ پالیسی دوبارہ تیار کرلی ہے۔ منظوری ملنے پر ایک ماہ میں جاری کردی جائے گی۔

نجی ٹی وی سما نیوز کے مطابق اسلام آباد میں ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے وزیر توانائی کا کہنا تھا کہ ملک میں بجلی کی قیمتیں مسلسل نیچے کی طرف جارہی ہیں۔ چند ماہ سے دستیاب پانی کی خراب صورتحال کے باعث مہنگے فیول پر بجلی بنانا پڑی اس لیے فی یونٹ ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ بڑھانا پڑتی ہے۔ مجموعی طور پر بجلی سستی ہوئی ہے۔

وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا کہ ہم نے بجلی کی قیمتیں کم کرنے کیلئے متعدد اقدامات کئے، زرعی شعبہ اور صنعتیں سولر پر منتقل ہوچکی ہیں، گزشتہ ایک سال کے دوران پاور سیکٹر میں اہم اصلاحات کی گئیں، حکومت نے صارفین کو ریلیف فراہم کرنے کی کوشش کی ہے۔

اویس لغاری نے کہا کہ ایک سال میں صنعتی شعبے کا ٹیرف 30 فیصد کم کیا گیا ہے، کوشش ہے پاور ٹیرف میں پائیدار بنیاد پر کمی کی جائے، درآمدی فیول کے بجائے متبادل توانائی سے بجلی کی پیداوار پر کام جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں متبادل ذرائع توانائی کا انقلاب آچکا ہے، گزشتہ 2 سے 3 سال کے دوران بجلی کی طلب میں کمی ہوئی ہے، آج پاکستان میں 7 ہزار میگاواٹ بجلی سرپلس ہے، مستقبل میں بجلی کی خریداری کیلئے مسابقتی مارکیٹ قائم جارہی ہے۔

وفاقی وزیر توانائی کا مزید کہنا تھا کہ فرنس آئل پر چلنے والے3ہزار میگاواٹ کے پاور پلانٹس ختم کیے، کوشش کررہے ہیں کہ ترسیلی نقصانات کا بوجھ صارفین پر نہ پڑے، کوشش ہے درآمدی فیول پر چلنے والے پاور پلانٹس کا ماحول پر اثر نہ پڑے۔