جسٹن بیبر کی اہلیہ کا 3 سال قبل شروع کیا گیا میک اپ برانڈ ایک ارب ڈالر میں فروخت

لاس اینجلس (قدرت روزمامہ) گلوکار جسٹن بیبر کی اہلیہ اور معروف ماڈل ہیلی بیبر نے اپنا مشہور بیوٹی برانڈ “رھوڈ” امریکی کمپنی e.l.f. Beauty کو ایک ارب ڈالر تک کے معاہدے میں فروخت کر دیا ہے۔ یہ برانڈ 2022 میں لانچ کیا گیا تھا اور جلد ہی سوشل میڈیا پر وائرل ہو کر تیزی سے مقبول ہوا۔ رھوڈ کی مصنوعات میں لپ ٹنٹ اور بلش شامل ہیں، جنہیں آن لائن کامیابی کے بعد اب امریکہ اور برطانیہ میں سیفورا سٹورز میں متعارف کرانے کا منصوبہ ہے۔

بی بی سی کے مطابق e.l.f. Beauty اس معاہدے میں 800 ملین ڈالر نقد اور سٹاک کی صورت میں ادا کرے گی، جب کہ باقی 200 ملین ڈالر برانڈ کی مستقبل کی فروخت سے مشروط ہوں گے۔ ہیلی بیبر کمپنی میں چیف کریئیٹو آفیسر کے طور پر کام جاری رکھیں گی اور باقی شریک بانی اور موجودہ ٹیم بھی برانڈ کو آگے بڑھاتی رہے گی۔

برانڈ کو خاص طور پر سوشل میڈیا پر بہت پذیرائی ملی، جہاں اس کے لپ ٹریٹمنٹس اور بلش مصنوعات پر وائرل ویڈیوز نے فروخت میں اضافہ کیا۔ ہیلی بیبر نے کہا کہ وہ برانڈ کی کامیابی سے حیران ہیں اور یہ معاہدہ ایک نیا باب ہے جو مصنوعات کو عالمی سطح پر مزید پہنچانے میں مدد دے گا۔