کوئٹہ‘تھانہ منظور شہید پولیس کی کارروائی‘فائرنگ کے تبادلے کے بعد دو موٹر سائیکل چور زخمی حالت میں گرفتار

ڈی آئی جی کوئٹہ کی ہدایت پر کارروائی، مسروقہ موٹرسائیکل، موبائل اور اسلحہ برآمد کرلیا
کوئٹہ(قدرت روزنامہ )تھانہ منظور شہید پولیس نے فائرنگ کے تبادلے کے بعد بروقت کارروائی کرتے ہوئے موٹرسائیکل چوری کی واردات میں ملوث دو ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔ ڈی آئی جی کوئٹہ اعتزاز حسن گوریہ اور ایس ایس پی آپریشن محمد بلوچ کی خصوصی ہدایات پر ایس پی سریاب ڈویژن کی سربراہی اور ایس ڈی پی او شالکوٹ سرکل عطر رشید کی زیر نگرانی ایس ایچ او منظور شہید آئی پی نور اللہ جمالدینی، ہیڈ محرر اعظم بزدار و دیگر اہلکاروں نے فوری ناکہ بندی کرکے کارروائی کی۔پولیس ذرائع کے مطابق ملزمان نے اسلحہ کے زور پر شہری رحیم بخش جتک سے موٹرسائیکل چھین لی تھی، اطلاع ملتے ہی پولیس نے فوری پیچھا کیا۔ ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کی جس پر جوابی کارروائی کرتے ہوئے دونوں چوروں کو زخمی حالت میں قابو کیا گیا۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے مسروقہ موٹرسائیکل، موبائل فون اور واردات میں استعمال ہونے والا ٹی ٹی پستول برآمد کر لیا گیا ہے، جب کہ مزید تفتیش جاری ہے۔