فارم 47کی حکومتیں عوام کے حق رائے دہی کے برخلاف زراور زور سے مسلط کی گئی ہیں جس کا ہر اقدام دراصل آئین اور قانون کے برخلاف تصور ہوگا، پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری عبدالرحیم زیارتوال

کوئٹہ (قدرت روزنامہ) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری عبدالرحیم زیارتوال نے کہا ہے کہ فارم 47کی حکومتیں عوام کے حق رائے دہی کے برخلاف زراور زور سے مسلط کی گئی ہیں جس کا ہر اقدام دراصل آئین اور قانون کے برخلاف تصور ہوگا، 26ویں آئینی ترمیم سے عدلیہ کے ججز کو جی حضوری کا محتاج بنایا گیا ہے، پیکاایکٹ کے ذریعے آزادی رائے سلب کرنے ، (SIFC)،مائنز منرلز ایکٹ کے ذریعے عوام کے معدنی خزانوں کو قبضہ کرنے کے اقدام کے سوا کچھ نہیں ، لیویز کو پولیس میں ضم کرنے کی حکومتی اختیار از خود متنازعہ ہے اور پارٹی حکومت کے ان تمام اقدامات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے اور لیویز کو پولیس میں ضم کرنے کے نوٹیفکیشن کو واپس لینے کا مطالبہ کرتی ہے ، بلوچستان پبلک سروس کمیشن کے نتائج پر دُکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہیںاس سے صوبے کے پشتون سیال قوم کے نوجوانوں اور دیگر آباد لوگوں کے تعلیم یافتہ جوانوں میں سخت مایوسی ہوئی ہیںاور BPSCنے اپنے حالیہ نتائج میں اپنے لاء اور رولز کی مکمل پائمالی کی ہے اور اس کے خلاف صوبے کے نوجوان قانونی چارہ جوئی کا حق رکھتے ہیں اور پارٹی مطالبہ کرتی ہے کہ آزاد ،خودمختارکمیشن سے اس کی تحقیقات ہو اوررپورٹ آنے تک نتائج کو التواء میں رکھا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشتونخوامیپ ضلع کوئٹہ سے مربوط تحصیل سٹی کے بند پشتون درہ علاقائی یونٹ کے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر علاقائی یونٹ کے نئے کابینہ کا انتخاب عمل میں لایا گیا جس کے مطابق حاجی اکبر علاقائی یونٹ کے سیکرٹری، رحمت افغان سینئر معاون سیکرٹری، باچا خان مالیات سیکرٹری، ماسٹر رزاق اطلاعات سیکرٹری ، عزت خان رابطہ سیکرٹری اور دیگر ایگزیکٹیوزکے اراکین منتخب ہوئے۔ جس سے پارٹی کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری منان خان بڑیچ نے حلف لیا ۔ کانفرنس سے صوبائی سینئر نائب صدر وضلع کوئٹہ کے سیکرٹری سید شراف آغا، صوبائی جنرل سیکرٹری کبیر افغان اور دیگر ضلعی وتحصیل کے رہنمائوں نے خطاب کیا ۔ کانفرنس میں صوبائی رابطہ سیکرٹری گل خلجی ، ضلع سینئر معاونین ، ضلع ایگزیکٹیوز، ضلع کمیٹی وتحصیل کمیٹی کے اراکین نے بھی شرکت کی ۔ مقررین نے کہا کہ کوئٹہ شہر اس وقت مسائلستان کا منظر پیش کررہا ہے بالخصوص بجلی کی ناروا وغیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے شہریوں کا جینا محال کردیا ہے ۔ کیسکو کے اعلیٰ حکام سے بارہا شکایات کے باوجود اس کا ازالہ نہیں ہورہا جس کے باعث ذیلی دفاتر میں انتظامیہ عوامی شکایات اور مسائل کو کم کرنے کی بجائے اس میں مزید اضافہ اور سیاسی ، سماجی رہنمائوں وکارکنوں کے ساتھ تضحیک پر مبنی رویہ ناقابل قبول ہے ۔ عوام کے مسائل کو متعلقہ شعبے یا دفتر کے ذریعے حل کرنا ان کی ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ رات 10بجے سے صبح تک گیس کی لوڈشیڈنگ ناقابل قبول ہے۔ انہوں نے کہا کہ پینے کے صاف پانی کی شدید قلت کے باعث ہر گھر ٹینکرز والوں کے رحم وکرم پر ہیں بالخصوص واسا گوالمنڈی سب ڈویژن کی نااہل انتظامیہ کے باعث لوگوں کے گھروں میں پینے کا صاف پانی بند ہوچکا ہے ۔ جن گھروں میں پانی آرہا ہے وہ بھی بوسیدہ پائپ لائنوں کے باعث ان میں سیوریج کا پانی آرہا ہے جس سے ہر گھر میں بچے اور بڑے مختلف بیماریوںمیں مبتلا ہورہے ہیں ۔ محکمہ واسا کے اعلیٰ حکام اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرتے ہوئے ہر گھر صاف پانی کی فراہمی کیے لیے اقدامات اٹھائیں ۔ انہوںنے کہا کہ سٹی ایریا میں پولیس اور ٹریفک پولیس کی جانب سے عوام دشمنی کے اقدامات قابل افسوس ہیں ، پولیس اور انتظامیہ جرائم پیشہ عناصر ، ان کے ٹھکانوںکے خلاف کارروائی کرنے کی بجائے عام شہریوں ، دکانداروں ، تاجروں ، مزدوروں ، ریڑھی بانوںکو تنگ کرنے انہیں روزگار سے محروم کرنے اور ان کے گھروں کو چولہے بجھانے میں مصروف ہیں تاکہ ان کے بچے فاقوں پر مجبور ہو۔ شہر میں مختلف ناموں سے شہر کی ترقی کے نام پر دعوے صرف غریب عوام ، تاجروں ، دکانداروںکے ذریعہ معاش ختم کرنے کے سوا کچھ نہیں ۔ مقررین نے منتخب کابینہ کو مبارکباد پیش کیا اور بجاء طور پر اس امید کا اظہار کیا کہ وہ پارٹی کو بند پشتون درہ علاقے میں فعال ومنظم بنانے اور عوام کے مسائل کے حل کے لیے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لائینگے۔