نیو سبزل روڈ پر 30 ایکڑ سے زائد اراضی پر زیر کاشت سبزیاں تلف کر دی گئیں

کوئٹہ (قدرت روزنامہ) صوبائی وزیر خوراک و چیئرمین بلوچستان فوڈ اتھارٹی حاجی نور محمد دمڑ کی خصوصی ہدایات پر نالوں کے آلودہ پانی سے کاشت کی جانے والی مضر صحت فصلوں کے خلاف مثر اور بھرپور کارروائی جاری ہے۔ تازہ ترین کارروائی نیو سبزل روڈ پر عمل میں لائی گئی، جہاں 30 ایکڑ سے زائد اراضی پر زیر کاشت سبزیاں تلف کر دی گئیں۔ کارروائی کے دوران بی ایف اے حکام نے زمینوں کا تفصیلی معائنہ کیا اور ایسے کھیتوں کی نشاندہی کی جہاں نالوں کے آلودہ اور زہریلے پانی سے سبزیاں اگائی جا رہی تھیں۔ تلف کردہ فصلوں میں پودینہ، گھوبی(بند گوبھی)، اور دھنیا شامل تھیں جو کہ روزمرہ استعمال کی جانے والی سبزیاں ہیں اور انسانی صحت کے لیے سنگین خطرہ بن سکتی تھیں۔ ترجمان بی ایف اے کے مطابق آلودہ پانی سے اگنے والی فصلیں نہ صرف غذائیت سے محروم ہوتی ہیں بلکہ ان میں جراثیم، کیمیکل اور ہیوی میٹلز بھی موجود ہو سکتے ہیں جو مختلف بیماریوں جیسے کہ آنتوں کی خرابی، ہیپاٹائٹس اور کینسر کا باعث بن سکتے ہیں۔ مہم کے تحت زہریلے پانی کے تمام ذرائع کو بھی منقطع کر دیا گیا ہے تاکہ آئندہ ایسی غیر قانونی اور خطرناک کاشتکاری نہ کی جا سکے۔ ترجمان کے مطابق یہ مہم “زہریلی فصلیں ختم صاف خوراک ہر گھر تک” کے تحت جاری ہے اور آئندہ بھی ایسی کارروائیاں مزید شدت کے ساتھ کی جائیں گی۔ اتھارٹی کی جانب سے عوام سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ مضر صحت فصلوں، غیر قانونی زرعی سرگرمیوں، یا آلودہ پانی سے کاشتکاری کی صورت میں فوری طور پر ادارے کو مطلع کریں تاکہ عوامی صحت کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔