کوئٹہ میں عید کے قریب بچوں کی گمشدگی کے واقعات میں تشویشناک اضافہ اغوا کار خیرات مانگنے والوں اور ریڑھی بانوں کے روپ میں سرگرم، فوری کارروائی کا مطالبہ

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)صوبائی دارالحکومت کوئٹہ اور گرد و نواح میں عید کی آمد کے ساتھ کمسن بچوں کی گمشدگی کے واقعات میں تشویشناک حد تک اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ عوامی حلقوں میں اس صورتحال پر سخت تشویش پائی جاتی ہے۔ اطلاعات کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے دوران ایک درجن سے زائد بچوں کی گمشدگی کی شکایات سامنے آئی ہیں، جن میں سے کئی کی تفصیلات سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہو چکی ہیں۔
ذرائع کے مطابق حالیہ دنوں میں غیر مقامی افراد کی بچوں کے اغوا میں ملوث ہونے کے شواہد بھی رپورٹ ہو چکے ہیں۔ شہریوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ خیرات مانگنے والے اور ریڑھی بانوں کے بھیس میں کئی اغوا کار سرگرم ہیں جو معصوم بچوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔
عوامی حلقوں نے وزیر اعلی بلوچستان، صوبائی وزیر سماجی بہبود، آئی جی پولیس بلوچستان، کمشنر کوئٹہ ڈویژن، ڈائریکٹر جنرل سوشل ویلفیئر اور ڈپٹی کمشنر کوئٹہ سے اپیل کی ہے کہ گداگری اور مشتبہ سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف فوری اور مثر کارروائی کی جائے تاکہ والدین میں پائی جانے والی بے چینی کا خاتمہ ہو سکے۔