اوتھل میں ٹرک اور کار کے خوفناک تصادم میں کوئٹہ کے 4 افراد جاں بحق
قومی شاہراہ پر تیز رفتاری نے چار زندگیاں نگل لیں، شہریوں کا سڑک کو دو رویہ کرنے کا مطالبہ

اوتھل(قدرت روزنامہ)ضلع لسبیلہ کے صدر مقام اوتھل میں قومی شاہراہ پر واقع پاکستان کوسٹ گارڈز چیک پوسٹ کے قریب ایک ہولناک ٹریفک حادثے میں کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے چار افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ حادثہ جمعہ کے روز اس وقت پیش آیا جب ایک تیز رفتار ٹرک مخالف سمت سے آنے والی کار سے ٹکرا گیا۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ کار میں سوار تمام افراد جان کی بازی ہار گئے۔ریسکیو ٹیمیں اطلاع ملتے ہی جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور جاں بحق افراد کی نعشیں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال اوتھل منتقل کی گئیں،
جہاں ان کی شناخت عمران علی، علی رضا، رمضان علی اور ایک نامعلوم شخص کے طور پر ہوئی۔ تمام جاں بحق افراد کا تعلق کوئٹہ سے بتایا گیا ہے۔پولیس اور متعلقہ اداروں نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد میتیں لواحقین کے حوالے کر دی گئیں۔ حادثے نے علاقے کو سوگوار کر دیا ہے۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ قومی شاہراہ پر اکثر تیز رفتاری کے باعث حادثات رونما ہوتے ہیں، جس کے لیے ٹریفک کنٹرول کے مثر اقدامات اور شاہراہ کو دو رویہ بنانے کی اشد ضرورت ہے۔ شہریوں نے حکومت سے فوری ایکشن لینے کا مطالبہ کیا ہے۔