امن و امان کے قیام میں عوامی شرکت ناگزیر ہے،حکومت اور عوام مل کر قیام امن کردار ادا کرسکتے ہیں،ڈپٹی کمشنر کیچ

تربت(قدرت روزنامہ)ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ کی پریس کانفرنس، عبدوی بارڈر یکم جون سے کھولنے کا اعلان، سیکیورٹی میں بہتری عوامی تعاون سے مشروط
نئی فہرست اتوار کو جاری ہوگی، پیر سے گاڑیاں روانہ ہوں گی، سیکیورٹی خدشات پر بند کیا گیا تھا، ڈی سی کیچ بشیر احمد بڑیچ کی پریس کانفرنس
ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ عبدوی بارڈر کو یکم جون سے دوبارہ کھولا جا رہا ہے۔ اتوار کے روز فہرست (لیسٹ) جاری کی جائے گی اور پیر سے گاڑیاں بارڈر کی طرف روانہ ہوں گی۔ انہوں نے بتایا کہ ابتدائی دنوں میں نئی انتظامی ترتیب کے باعث عوام کو کچھ مشکلات کا سامنا ہوگا تاہم ان میں جلد بہتری کی توقع ہے۔
ڈی سی کیچ نے کہا کہ حکومت مکران ڈویژن میں بڑھتے ہوئے دہشت گردی کے واقعات، بالخصوص ضلع کیچ میں ان واقعات کی شدت پر لائحہ عمل طے کرنے جارہی تھی جس کے باعث بارڈر کو بند کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ امن و امان کے قیام میں عوامی شرکت ناگزیر ہے،حکومت اور عوام مل کر قیام امن کردار ادا کرسکتے ہیں اور سیکیورٹی معاملات میں عوام کا تعاون حکومت کے لیے بہت اہم ہے۔
ڈی سی کیچ بشیر احمد بڑیچ نے کہا کہ علاقے میں تجارت اور کاروبار کے وسیع مواقع موجود ہیں مگر یہ صرف امن و استحکام کے ساتھ ہی ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاروبار اور امن لازم و ملزوم ہیں اور عوام کو چاہیے کہ وہ انتظامیہ اور حکومت کے ساتھ مل کر پرامن ماحول کو فروغ دیں کیوں کہ بارڈر کا کاروبار دہشت گردی کے ساتھ نہیں چل سکتا جو دہشت گردی کی کاروائیاں ہوں گی اس کا براہ راست اثر اس بارڈر کی تجارت اور یہاں کی معیشت پر پڑیں گے، عوام ان عناصر کی نشاندہی کرانے میں کردار ادا کریں جو امن و امان کے خلاف ہیں۔
ڈی سی کیچ نے واضح کیا کہ عبدوی بارڈر پر اس وقت غیر رسمی کاروبار ہو رہا ہے جسے جلد ہی حکومت پاکستان فارمل طریقے پر منتقل کرنا چاہتی ہے۔ ایرانی جانب بھی بارڈر پر باڑ لگائی جا رہی ہے۔ اگر سیکیورٹی معاملات بہتر نہ ہوئے تو خدشہ ہے کہ بارڈر کو مستقل طور پر بند کر دیا جائے گا۔ عوام کو چاہیے کہ وہ فارمل کاروبار کی طرف جانے کا سوچیں کیوں کہ دونوں جانب کی حکومتیں جب چاہیں یہ غیر فارمل کاروبار بند کرسکتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو اگر کوئی شکایات ہیں تو وہ ضلعی انتظامیہ سے رجوع کریں ہم ان کے مسائل کو سنجیدگی سے حل کریں گے۔ انہوں نے کیچ کے عوام سے کہا کہ وہ دہشت گردی کے عناصر پر نظر رکھیں اور حکومت سے مکمل تعاون کریں۔ ڈپٹی کمشنر کیچ کا آفس پبلک معاملات کی ڈیلنگ اور عوامی مسائل کو سننے کے لیے ہر وقت ہر کسی کے لیے کھلا ہے، عوام نے ضلعی انتظامیہ پر کافی عرصہ کے بعد اب اعتماد کرنا شروع کیا ہے جو مثبت ہیش رفت ہےاور اس کو مذید بہتر بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر کیچ نے ضلع کیچ کے عوام کو بارڈر کھلنے اور کاروباری سرگرمیاں شروع ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ حکومت کا ساتھ دیں اپنے علاقے کو پرامن، خوشحال اور ترقی یافتہ بنانے میں کردار ادا کریں۔ انہوں نے نوجوانوں سے کہا کہ وہ مثبت سرگرمیوں اور کاروباری مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔