فلم ’دیمک‘ کی شوٹنگ کے دوران پُراسرار واقعات، سونیا حسین کے انکشافات نے سب کو چانکا دیا

کراچی (قدرت روزنامہ) پاکستانی شوبز انڈسٹری کی باصلاحیت اور خوبرو اداکارہ سونیا حسین نے حال ہی میں دیے گئے ایک انٹرویو میں فلم کے سیٹ پر پیش آنے والے کچھ خوفناک اور پراسرار واقعات کو مداحوں کے ساتھ شیئر کیا، جنہوں نے سب کو چونکا دیا ہے۔
آج نیوز کے مطابق سونیا حسین جو ان دنوں اپنی نئی ہارر فلم ”دیمک“ کی پروموشن میں پیش پیش ہیں نے انسٹاگرام پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں بتایا کہ اگرچہ فلم کی شوٹنگ کے دوران کوئی بڑا حادثہ پیش نہیں آیا، مگر کچھ غیر معمولی واقعات ضرور رونما ہوئے۔
اداکارہ نے کہا، ”اکثر اچانک لائٹ چلی جاتی تھی، کبھی بغیر کسی خرابی کے جنریٹر بند ہو جاتے، حالانکہ ساتھ والے سیٹس پر سب کچھ نارمل ہوتا تھا۔“
انہوں نے مزید کہا کہ بعض اوقات یوں محسوس ہوتا جیسے کوئی چیزیں گھسیٹ رہا ہو، لیکن جب وہاں جا کر دیکھا جاتا، تو کچھ بھی نہیں ہوتا تھا۔ ”ایسا لگتا تھا جیسے کوئی نظر نہ آنے والی ہستی ہمارے آس پاس موجود ہو۔“
جنات کے وجود سے متعلق سوال پر سونیا حسین نے بلا جھجک کہا، ”میں جنات پر یقین رکھتی ہوں، کیونکہ ان کا ذکر قرآن پاک میں آیا ہے، اور جو بات قرآن میں ہو، اس سے انکار ممکن نہیں۔“
انہوں نے مزید کہا کہ فلم ”دیمک“ کی کہانی کسی خیالی دنیا سے نہیں بلکہ حقیقی واقعات سے متاثر ہے، یہی وجہ ہے کہ وہ ان غیر مرئی طاقتوں کی موجودگی کو سچ مانتی ہیں۔
سونیا حسین نے اس حوالے سے کہا کہ، ”ڈرنا دراصل ایک ذاتی کیفیت ہے۔ کچھ قوتیں واقعی موجود ہوتی ہیں، کچھ اچھی اور کچھ بری، مگر اکثر خوف ہمارے اپنے ذہن کا کھیل ہوتا ہے۔“
واشنگٹن میں بھارت کے خلاف آپریشن “بنیان المرصوص” کی کامیابی کی سلسلے میں تقریب، فتح کا کیک بھی کاٹا گیا
فلم ”دیمک“ کو معروف ہدایت کار رافع راشدی نے ڈائریکٹ کیا ہے، جب کہ کہانی عائشہ مظفر نے لکھی ہے جو بطور رائٹر اپنی پہلی فلم پیش کر رہی ہیں۔
فلم کی اسٹار کاسٹ میں سونیا حسین، فیصل قریشی، ثمینہ پیرزادہ، جاوید شیخ، بشریٰ انصاری اور ثمن انصاری جیسے معروف نام شامل ہیں۔ٹریلر میں دکھایا گیا ہے کہ ثمینہ پیرزادہ ایک سخت اور پراسرار کردار ادا کر رہی ہیں جو اپنے بیٹے (فیصل قریشی) کو اس کی بیوی (سونیا حسین) کے خلاف بھڑکاتی ہیں اور اسے یقین دلاتی ہیں کہ اس کی بیوی نے اس پر ”کالا جادو“ کر رکھا ہے۔
عیدالاضحیٰ پر ’دیمک‘ کا ہمایوں سعید اور ماہرہ خان کی رومانوی کامیڈی فلم ”لو گرو“ سےسامنا ہوگا، جو کہ پہلے ہی سوشل میڈیا پر زبردست مقبولیت حاصل کر چکی ہے۔ایک طرف رومانس اور کامیڈی کی چمک دمک، اور دوسری جانب خوف اور پراسرار کہانی کا سحر مداحوں کے لیے یہ عید ایک سنیمائی جنگ جیسی ہونے والی ہے۔