سری لنکن ایئر پورٹ پر خاتون کے سامان میں رکھے 3 کھلونوں سے ایسی چیز برآمد کہ ہنگامہ برپا ہوگیا

کولمبو (قدرت روزنامہ) سری لنکا کے بینڈرانائیکے انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حکام نے ایک تھائی خاتون کو گرفتار کر کے کوکین کی سب سے بڑی مقدار ضبط کر لی ہے۔ 38 سالہ خاتون کے سامان میں رکھے تین کھلونوں میں تقریباً 10 کلوگرام کوکین چھپائی گئی تھی جس کی مارکیٹ میں مالیت 17 لاکھ ڈالر سے زائد بتائی گئی ہے۔
اے ایف پی کے مطابق یہ گرفتاری رواں ماہ کی چوتھی کارروائی ہے، اس سے قبل تقریباً 60 کلوگرام منشیات مختلف افراد سے برآمد کی جا چکی ہیں۔ گرفتار ہونے والوں میں برطانیہ، بھارت اور تھائی لینڈ کے شہری شامل ہیں۔ ان افراد کو سزا کی صورت میں عمر قید کا سامنا ہو سکتا ہے۔
سری لنکن حکام کا ماننا ہے کہ ملک کو منشیات کی سمگلنگ کے لیے ٹرانزٹ پوائنٹ کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے۔ اس سے پہلے بھی ساحلی علاقوں سے بڑی مقدار میں ہیروئن برآمد ہو چکی ہے۔