ہمیں بھارت سے ایسا کوئی خطرہ نہیں کہ جس کا مقابلہ نہ کرسکتے ہوں: شاہد خاقان عباسی

کراچی (قدرت روزنامہ) سربراہ عوام پاکستان پارٹی و سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ سیاسی انتشار کے باعث کسی بھی ملک میں ترقی نہیں ہوسکتی۔
سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اپنے حالات کو دیکھنا ہے کہ ہم کہاں کھڑے ہیں۔ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔ اور ماضی قریب میں بھارت کا رویہ جارحانہ رہا۔انہوں نے کہا کہ جو پہلگام میں واقعہ ہوا اس کا پاکستان سے کوئی تعلق نہیں تھا اور جو ہندوستان نے کیا ہم نے اس کا منہ توڑ جواب دیا۔ پاکستان نے بھارت کے خلاف فضائی کامیابی حاصل کی اور پاکستان نے بھارت کے طیارے مار گرائے۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ مودی نے اپنی سیاست کو بچانے کے لیے یہ سب کچھ کیا اور مودی کو اس میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ دونوں ملک ایٹمی طاقت ہیں جو انتہائی خطرناک ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں بھارت سے ایسا کوئی خطرہ نہیں کہ جس کا مقابلہ نہ کرسکتے ہوں۔ سیاسی انتشار کے باعث کسی بھی ملک میں ترقی نہیں ہوسکتی۔