ایف بی آر کی بینکوں سے کیش نکلوانے پرودہولڈنگ ٹیکس دوگنا کرنے کی تجویز

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے بینکوں سے کیش نکلوانے پر نان فائلرزپر ودہولڈنگ ٹیکس کی شرح 0.6 فیصد سے بڑھا کر 1.2 فیصد کرنے کی تجویزدیدی۔
میڈیارپورٹ کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت کے اس اقدام کا مقصد ٹیکس ریٹرن جمع نہ کروانے والوں کے لیے مالیاتی سرگرمیوں کو مشکل بنانا ہے تاکہ وہ بھی ٹیکس نیٹ میں آئیں،حکومت یکم جولائی 2025 سے نان فائلر کی کیٹیگری ہی ختم کرنے پر غور کر رہی ہے اوروہ کسی قسم کا مالیاتی لین دین نہیں کر سکیں گے۔
اس سلسلے میں قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ اور ریونیو نے ٹیکس قوانین (ترمیمی) بل 2024 کی رپورٹ منظور کر لی ہے جس کے تحت نان فائلرز کی معاشی سرگرمیوں پر سخت پابندیاں عائد کی جائیں گی، اور یہ تمام اقدامات آئندہ فنانس بل 2025-26 کے ذریعے نافذ کیے جائیں گے۔
فی الحال نان فائلرز اگر ایک دن میں 50,000 روپے سے زیادہ کیش نکلوانے کی کوشش کریں تو ان پر 0.6 فیصد ٹیکس عائد ہوتا ہے،اس کی شرح اب دوگنا کر کے 1.2 فیصد کرنے کی تجویز دی جا رہی ہے۔