عیدالاضحیٰ پر عارضی نصب جھولوں پر پابندی عائد

لاہور(قدرت روزنامہ)حکومت پنجاب نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر عوامی تحفظ کیلئے عارضی نصب ہونیوالے مکینیکل جھولوں پر پابندی عائد کردی۔ تفریحی پارکوں میں مستقل بنیادوں پر نصب مکینیکل جھولوں کیلئے فٹنس سرٹیفکیٹ بھی لازمی قرار دیدیا گیا۔
نجی ٹی وی سما نیوز کے مطابق حکومت پنجاب نے عوامی تحفظ کیلئے اہم فیصلہ کرتے ہوئے عیدالاضحی پر عارضی نصب ہونیوالے مکینیکل جھولوں پر پابندی عائد کردی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق تفریحی پارکس میں مستقل بنیادوں پر نصب مکینیکل جھولوں کیلئے فٹنس سرٹیفکیٹ لازمی قرار دیا گیا ہے۔
متن میں کہا گیا ہے کہ مستقل نصب مکینیکل جھولوں کے مالکان یا آپریٹرز ڈپٹی کمشنرز سے فٹنس سرٹیفکیٹ حاصل کریں، ضلعی انتظامیہ تصدیق کرے کہ ہر مکینیکل جھولا حفاظت کے معیارات پر پورا اترتا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پابندی کا فیصلہ انسانی جانوں کی حفاظت کیلئے کیا گیا ہے، پنجاب بھر میں ضلعی انتظامیہ حکم نامے پر عملدرآمد یقینی بنائے۔
محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبہ بھر کے ڈپٹی کمشنرز کو جھولوں پر پابندی سے متعلق ہدایت جاری کردی۔