حب مویشی منڈی میں انٹری فیس کے نام پر بھتہ وصولی، جانور مہنگے داموں فروخت، تاجر اور خریدار پریشان

حب(قدرت روزنامہ)حب مویشی منڈی میں سہولیات کا فقدان ،مویشیوں کی انٹری فیس اور محکمہ زراعت کی ٹیکس کے نام پر زبردستی بھتہ وصولی، بیوپاریوں اور خریداروں کو مشکلات کا سامنا ،مارکیٹ فیس کے نام پر لوٹ مار کا بازار گرم کردیا گیا ،بیوپاریوں نے حب میں قائم مویشی منڈی میں جانور لانے کے بجائے کراچی مویشی منڈی کو ترجیح دینے لگے اس حوالے سے بتایا جاتا ہے کہ حب کی مویشی منڈی میں کراچی سے آنے والے خریداروں سے مارکیٹ فیس کے نام پر فی جانور دو ہزار روپے وصول کیے جا رہے ہیں، جس پر خریداروں نے شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے خریداروں کا کہنا ہے کہ وہ کراچی میں مہنگائی سے بچنے کے لیے حب کا رخ کرتے ہیں تاکہ مناسب داموں پر قربانی کے جانور خرید سکیں، مگر یہاں پر ایک نیا اور عجیب و غریب ٹیکس ان کا منتظر ہوتا ہے۔ایک خریدار نے شکایت کرتے ہوئے کہا، “ہم سوچتے ہیں کہ حب آ کر کچھ پیسے بچا لیں گے، لیکن یہاں تو فی جانور دو ہزار روپے کی فیس مانگی جا رہی ہے۔ یہ تو سراسر زیادتی ہے۔ “شہریوں نے ڈپٹی کمشنر حب سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر یہ غیر ضروری ٹیکس فوری طور پر ختم نہ کیا گیا تو خریدارحب آنے سے گریز کریں گے، جس سے منڈی ویران ہو جائے گی اور مقامی بیوپاریوں کو نقصان پہنچے گا۔
