کراچی میں شہری پر تشدد کا ایک اور واقعہ، مقدمہ درج کیوں نہ ہوسکا؟

کراچی (قدرت روزنامہ)سوشل میڈیا پر کراچی کے علاقے ڈیفنس میں کار سوار ایک شخص کی جانب سے نوجوان پر تشدد کی ویڈیو وائرل ہورہی ہے، جس میں متاثرہ نوجوان اپنی بہن کی جانب سے بار بار معافی مانگنے کے باوجود بھی تشدد کا سامنا کرنے سے نہ بچ سکا۔
پولیس کے مطابق کراچی کے پوش علاقے ڈیفینس میں خیابان اتحاد کمرشل میں کار سوار شخص کی موٹر سائیکل سوار شخص پر شدید تشدد کی ویڈیو وائرل ہوئی ہے، گزشتہ روز پیش آئے واقعہ کی وائرل ویڈیو میں موٹر سائیکل سوار شخص کی بہنیں ساتھیوں کے ساتھ تشدد کرنے والے شخص کے آگے ہاتھ جوڑ کر معافی مانگ رہی ہیں۔
پولیس کے مطابق موٹرسائیکل سوار شخص اپنی بہنوں کے ساتھ جارہا تھا کہ موٹر سائیکل کی کار کو ٹکر لگ گئی، کار سوار شخص نے موٹر سائیکل سوار شخص پر ساتھیوں کے ساتھ مل کر تشدد کیا، موٹر سائیکل سوار شخص کی بہنیں کار سوار شخص کی منتیں کرتی رہی لیکن بہنوں کی منت سماجت پر بھی نوجوان کو نہیں چھوڑا گیا۔
کار سوار شخص کی گاڑی کے نمبر سے سلمان فاروقی کے نام سے شناخت ہوئی ہے، جس کے خیابان اتحاد کمرشل پرقائم دفتر پر بھی پولیس کی ٹیم نےدورہ کیا جہاں سلمان فاروقی موجود نہیں تھا، پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ افراد نے ابھی تک باضابطہ تھانے میں کوئی شکایت درج نہیں کرائی ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق سلمان فاروقی بائیونک فلمز نامی اشتہاری کمپنی کا سربراہ ہے، ملزم کی گرفتاری کے لیےمختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں جبکہ متاثرہ فیملی کی بھی تلاش جاری ہے۔
