پی ڈی ایم کا حکومت کے خلاف آئینی وقانونی راستہ اختیار کر نے کا اعلان
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پی ڈی ایم نے آئینی اور قانونی طریقہ کار اختیار کر نے کا اعلان کر دیا۔کوئٹہ میں سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ سیاست میں مداخلت ہو تو شکایت کرنا ہمارا حق ہے، پی ڈی ایم آئینی اورقانونی راستہ اختیارکرےگی، حکومت نےشکست کے خوف سے مشترکہ اجلاس ملتوی کیا۔
پی ڈی ایم کے سربراہ نے کہا کہ اتحادیوں کوحکومت کا ساتھ دینےکیلئے مجبور کیا جا رہا ہے، نااہل حکمرانوں کیخلاف جہاد جاری رہے گا، اپوزیشن حکومت کا ڈٹ کر مقابلہ کررہی ہے، اسمبلی میں اپوزیشن قانون سازی میں شکست بھی دے چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم عام آدمی کی آواز ہے، ٹیکس اور مہنگائی کے پہاڑ گرائے جا رہے ہیں، لوگ اپنے بچے فروخت کرنے پرمجبور ہیں۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پشاورمیں 20 نومبر کو عوامی مظاہرہ ہوگا ، پی ڈی ایم قوم کے ساتھ کھڑی ہے، قوم اور ملک کی آزادی کیلئے جنگ لڑنا فریضہ سمجھتے ہیں ، پی ڈی ایم کل مہنگائی کے خلاف عوامی مظاہرہ کرے گی ، مہنگائی کے باعث لوگ خودکشی کررہے ہیں۔
سربراہ پی ڈی ایم نے کہا کہ نااہل حکمران اقتدار کوطول دینےکیلئے ہر حربہ استعمال کر رہے ہیں، 20 نومبر کو پشاور میں بڑا مظاہرہ ہو گا،حکمران 22 کروڑعوام کو اپنا غلام سمجھ بیٹھے ہیں۔مولانا فضل الرحمان نے کہاکہ ہم قوم کو بتانا چاہتے ہیں کہ ناجائز اور دھاندلی کی پیداوار حکومت آئندہ الیکشن کے لیے ابھی سے جعلی پارلیمنٹ کو ایسے قانون سازی کے لیے تیار کررہی ہے کہ آئندہ کے الیکشن میں دھاندلی کرسکے۔
سربراہ پی ڈی ایم نے کہا کہ اپوزیشن اس کا مقابلہ کررہی ہے، اسمبلی کے اندر اپوزیشن شکست بھی دے چکی ہے جبکہ مشترکہ اجلاس میں اکثریت حاصل کرنے کی امید نہیں رہی تو ملتوی کردیا گیا۔مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اب دوبارہ اجلاس بلایا گیا تو افواہیں گردش کررہی ہیں لیکن یہ حقیقت کے قریب تر باتیں ہیں کہ چھوٹی اتحادی جماعتیں کی گردن پر بوٹ کرکے ان کو اجلاس میں شرکت کے لیے مجبور کررہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہرچیزپرمٹی ڈالنےسےکام نہیں چلےگا،اداروں کےمطمئن ہونےسےکیاہوگا،عوام کومطمئن ہوناچاہیے،حکومت چل نہیں رہی،چلائی جارہی ہے، ہم چلنے اور چلانے والوں کو جانتے ہیں ،سہاروں سے چلنے والی حکومت نہیں کہلاتی۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ راناشمیم کےبیان پرعدالتی تحقیقات ہونی چاہئیں، ہم اداروں کا احترام کرتے ہیں ، اداروں کوغیرمتنازع دیکھناچاہتےہیں، نئی صورتحال پر قوم کو اعتماد میں لینا چاہتےہیں ،حکومت آئندہ الیکشن میں دھاندلی کی تیاری کررہی ہے۔
سربراہ پی ڈی ایم نے کہا کہ ہماری پاس خبریں آرہی ہیں، ہم اداروں کا احترام کرتے ہیں اور جب ادارے کہتے ہیں کہ ہم غیر جانبدار ہیں تو ہم ان پر اعتماد کرتے ہیں لیکن آج پھر ان کی غیر جانبداری مجروع ہورہی ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ سب کچھ 19 نومبر سے پہلے پہلے کرنا ہے، یہ سارے معاملے کو مشکوک بناتا ہے، پاکستان کی جمہوری اور پارلیمان پر بدنما داغ ہے، اداروں کو خود سوچنا چاہیے کہ غیر جانبدار اور غیر منتازع رہنا چاہے۔