ہمایوں سعید نے پشتون ثقافت کو فلم کا حصہ کیوں بنایا؟


کراچی (قدرت روزنامہ)پاکستانی سپر اسٹار ہمایوں سعید نے اپنی فلم ‘لَو گرو’ میں پشتون ثقافت کو شامل کرنے کی وجہ فینز کے ساتھ شیئر کردی۔
پاکستانی سنیما کے ریوائو میں ہمایوں سعید نے اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے نہ صرف فلمیں پروڈیوس کیں بلکہ اپنی شاندار پرفارمنس سے بھی فینز کو سنیما آنے پر مجبور کردیا۔۔
ہمایوں سعید کی کامیاب فلموں میں ‘بن روئے’ ، ‘میں پنجاب نہیں جاؤنگی’ ، لندن نہیں جاؤنگا’ ، ‘جوانی پھر نہیں آنی’ شامل ہیں۔
اب ہمایوں نئی فلم ‘لَو گرو’ کے ساتھ فلمی دنیا میں لوٹے ہیں اور اس فلم کی کامیابی پر انہیں مکمل اعتماد ہے۔
اس فلم میں انکے ساتھ ‘بن روئے’ میں شاندار کیمسٹری پیش کرنے والی ماہرہ خان کو کاسٹ کیا گیا ہے جنکو 11 سال بعد ایک ساتھ دیکھنے کیلئے مداح پُرجوش ہیں۔
ہمایوں سعید نے ‘لو گرو کے حوالے سے پشاور کا خصوصی دورہ کیا جہاں انہوں نے فلم کے پشتو گانے ‘صدا آشنا’ کی لانچنگ تقریب میں شرکت کی۔
اس موقع پر انہوں نے پشتو پریس سے ملاقات کی اور فلم کی کہانی، کرداروں اور پشتون ثقافت کی شمولیت پر تفصیل سے گفتگو کی۔
ہمایوں سعید نے کہا کہ ‘لوو گرو’ ایک منفرد رومانوی کہانی ہے جس میں کئی محبتیں دکھائی گئی ہیں لیکن اس کہانی کا اختتام کیسے ہوتا ہے یہ دیکھنے کیلئے فینز کو فلم دیکھنی پڑے گی۔
فلم میں پشتون ثقافت کو شامل کرنے کے حوالے سے ہمایوں سعید نے کہا کہ ‘میری ہمیشہ کوشش ہوتی ہے کہ اپنی فلموں میں پاکستانی کی مختلف ثقافتوں کو اجاگر کروں، میں اپنی پچھلی فلموں میں پنجابی، پشتون اور سندھی ثقافت کو دکھا چکا ہوں۔’
انہوں نے کہا کہ ‘ثروت گیلانی نے زبردست انداز میں پشتون کردار ادا کیا تھا۔ اب ہماری فلم میں ماہرہ خان خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون کا کردار ادا کر رہی ہیں۔ ان کا کردار پشتون ہے، کیونکہ ہمارے دنیا بھر میں موجود پشتون ناظرین کے لیے یہ نمائندگی بہت اہم ہے۔’
انہوں نے مزید کہا کہ فلم میں شامل پشتو گیت ‘صدا آشنا’ پوری ٹیم کی محنت اور کاوش کا نتیجہ ہے۔’
یاد رہے کہ فلم عید الاضحیٰ کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی جسکو دیکھنے کیلئے فینز نے ٹکٹ بکنگ کروانی شروع کردی ہے۔

WhatsApp
Get Alert