محدود فنڈنگ کے باعث چیلنجز درپیش ہیں، مالی استحکام کیلئے کوششیں کررہے ہیں، وی سی جامعہ بلوچستان


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)جامعہ بلوچستان کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظہور احمد بازئی کے زرصدارت انتظامی و مالی امور پر اعلیٰ سطحی کا اجلاس منعقد ہوا۔ جامعہ بلوچستان کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظہور احمد بازئی کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں تمام شعبہ جات کے سربراہان اور ڈائریکٹرز نے شرکت کی۔ اس اجلاس کا مقصد جامعہ کو درپیش انتظامی و مالی چیلنجز پر مشاورت کرنا تھا۔ اس اجلاس میں پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر غلام رزاق شاہوانی اور رجسٹرار محمد طارق جوگیزئی نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں تنخواہوں کی ادائیگی، شعبہ جاتی ذمہ داریوں اور مالی استحکام کے لیے حکمت عملیوں پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظہور احمد بازئی نے تمام شعبہ جات کے درمیان باہمی تعاون کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں مشترکہ کوششوں سے جامعہ کی انتظامی ڈھانچے کو مضبوط بنانا ہوگا۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ تمام شعبہ جات کو جامعہ کے وسیع تر مقاصد کے ساتھ ہم آہنگ ہو کر کام کرنا چاہیے تاکہ مو¿ثر کارکردگی اور تعلیمی معیار کو یقینی بنایا جاسکے۔ مالی مشکلات کے حوالے سے وائس چانسلر نے اظہار کیا کہ محدود فنڈنگ کے باعث چیلنجز درپیش ہیں، ہم صوبائی حکومتی اداروں کے ساتھ فعال رابطہ قائم کررہے تاکہ جامعہ کی ترقی اور استحکام کے لیے درکار وسائل حاصل کیے جاسکیں۔ اجلاس کے دوران سوال و جواب کا سیشن بھی منعقد ہوا، جس میں شعبہ جاتی سربراہان نے اپنے مسائل اور تجاویز پیش کیں۔ اس کھلے مکالمے سے باہمی اعتماد اور مشترکہ ذمہ داری کا جذبہ فروغ پایا۔ اجلاس کے اختتام پر جامعہ کی قیادت نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ باہمی تعاون، انتظامی مو¿ثریت اور مالی استحکام کے لیے بھرپور کوششیں جاری رکھیں گے تاکہ جامعہ بلوچستان کو ایک معیاری تعلیمی ادارہ بنایا جا سکے۔

WhatsApp
Get Alert