ریکودک مائننگ کمپنی کا چوتھا سولر آر او پلانٹ دوربن چاہ میں فعال، روزانہ 10 ہزار گیلن صاف پانی فراہم کرنے کی صلاحیت
صاف پانی انسانی حق ہے، آر ڈی ایم سی مقامی ضروریات کو جدید اور پائیدار منصوبوں سے پورا کر رہی ہے

چاغی(قدرت روزنامہ)ریکودک مائننگ کمپنی :آر ڈی ایم سی: نے ضلع چاغی کے گاوں دوربن چاہ میں شمسی توانائی سے چلنے والے جدید ریورس اوسموسس (آر او) پلانٹ کا افتتاح کر دیا ہے۔ اس منصوبے کا مقصد مقامی آبادی کو صاف اور محفوظ پانی تک آسان رسائی فراہم کرنا ہے
۔یہ پلانٹ آر ڈی ایم سی کی جانب سے ضلع چاغی میں نصب کیا جانے والا چوتھا سولر آر او پلانٹ ہے، اس سے قبل ہمئے، نوک چاہ اور مشکی چاہ میں بھی ایسے پلانٹس نصب کیے جا چکے ہیں۔ دوربن چاہ پلانٹ جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ ہے جو روزانہ 10 ہزار گیلن صاف پانی فراہم کرے گا۔ اس پلانٹ سے پانی میں نمکیات کی سطح عالمی معیار کے مطابق کم کر دی گئی ہے۔اس منصوبے کی تجویز اور عمل درآمد مقامی کمیونٹی ڈیولپمنٹ کمیٹی (سی ڈی سی) نے دیا، جس سے آر ڈی ایم سی کے مقامی اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ اشتراک عمل کی عکاسی ہوتی ہے۔
پلانٹ کا افتتاح آر ڈی ایم سی کے جنرل منیجر رائن مچل نے مقامی عمائدین اور سی ڈی سی نمائندوں کے ہمراہ کیا۔مقامی افراد نے کمپنی کی سماجی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ صاف پانی جیسی بنیادی سہولت کی فراہمی ان کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں۔ آر ڈی ایم سی کی سماجی سرمایہ کاری کی حکمت عملی میں تعلیم، صحت اور فنی تربیت کو بھی شامل کیا گیا ہے تاکہ علاقے کی ہمہ جہتی ترقی ممکن ہو سکے۔
