ٹک ٹاکر ثناء یوسف قتل کیس: ملزم عمر حیات کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے ٹک ٹاکر ثناء یوسف قتل کیس میں ملزم عمر حیات کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا۔
تحریری حکم نامے کے مطابق ملزم کو چہرے پر کپڑا ڈال کر عدالت میں پیش کیا گیا۔ عدالت نے قرار دیا کہ ریکارڈ کے مطابق یہ قتل کے ایک گھناؤنے جرم کا مقدمہ ہے۔
پولیس کی جانب سے عدالت سے ملزم کی شناخت پریڈ کی استدعا کی گئی، جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے سپریڈنٹ اڈیالہ جیل کو شناخت پریڈ کے انتظامات کرنے کی ہدایت جاری کی۔
عدالت نے حکم دیا کہ جیل میں ملزم کو کسی سے بھی ملاقات کی اجازت نہ دی جائے۔
مزید برآں، عدالت نے تفتیشی افسر کو 18 جون تک کیس کی تفتیشی رپورٹ پیش کرنے کا حکم بھی دیا۔
یہ تحریری حکم نامہ جوڈیشل مجسٹریٹ شہزاد احمد گوندل کی جانب سے جاری کیا گیا۔
