مظفرگڑھ سے ڈارک ویب کا عالمی نیٹ ورک بے نقاب، بچوں کی غیر اخلاقی ویڈیوز بنانے والا گروہ گرفتار

مظفرگڑھ(قدرت روزنامہ)پنجاب کے ضلع مظفرگڑھ سے ڈارک ویب کا عالمی نیٹ ورک بے نقاب ہوگیا، بچوں کی غیر اخلاقی ویڈیوز بنانے والا دو رکنی گروہ گرفتار کرلیا گیا۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے 800 سے زائد غیر اخلاقی ویڈیوز برآمد کرلی گئیں جبکہ 6 سے 10 سال کی عمر کے 10 بچوں کو بازیاب کروالیا گیا ہے۔
نیشنل سائبر کرائم کنٹرول ایجنسی (NCCIA) کے مطابق گروہ کا سرغنہ ایک جرمن شہری نکلا ہے جس نے پاکستان آ کر مظفرگڑھ میں اسٹوڈیو تیار کیا، مقامی کارندوں کو جدید تربیت دی اور بچوں کو ورغلا کر ویڈیوز بنوائیں۔ ملزمان ان ویڈیوز کو ڈارک ویب پر 100 سے 500 ڈالرز میں فروخت کرتے تھے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان میں موجود گروہ کے دو کارندوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ بین الاقوامی سطح پر کارروائی کے لیے انٹرپول کے ذریعے جرمن باشندے کو پاکستان طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ حکام نے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں اور متاثرہ بچوں کو بحالی مراکز منتقل کر دیا گیا ہے۔
