ذیابطیس نوجوانوں میں دل کی بیماریوں، اموات کی بڑی وجہ


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)نوجوانوں میں ذیابیطس (ٹائپ 1 اور ٹائپ 2) دل کی بیماریوں اور ’قبل از وقت‘ موت کی ایک بڑی وجہ بن رہی ہے۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ نوجوانوں میں ذیبیطس کے باعث اموات کی وجوہات میں انسولین کی پیداوار میں کمی، غیر صحت مند طرز زندگی، تمباکو نوشی، فاسٹ فوڈ کا زیادہ استعمال اور موٹاپا شامل ہیں۔
40 سے زائد برس کی عمر کے افراد پر کی گئی ایک تحقیق کے مطابق جوانی میں ذیابیطس کا شکار ہونا بعد کی زندگی میں دل کے امراض اور اموات کا خطرہ بڑھا دیتا ہے۔
سنہ 2000 سے سنہ 2020 تک جاری رہنے والی ایک طویل مطالعاتی رپورٹ میں 5 لاکھ 9 ہزار سے زائد افراد کے ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 1،000 سے زیادہ افراد نوجوانی میں ہی شوگر کے مرض میں مبتلا پائے گئے۔
تحقیق کے مطابق، انسولین کی کمی کی وجوہات میں تمباکو نوشی، غیر متوازن غذا، موٹاپا، اور پروسیسڈ گوشت کا زیادہ استعمال شامل ہیں۔ یہ عوامل نہ صرف ذیابیطس بلکہ بلڈ کینسر کا خطرہ بھی بڑھاتے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ گزشتہ چند دہائیوں میں کھانے پینے کی بدلتی عادات، جسمانی سرگرمیوں میں کمی اور موٹاپے میں اضافہ ذیابیطس اور امراض قلب کے مسائل میں اضافہ کر رہا ہے۔
پہلے دل کے دورے زیادہ تر بزرگ افراد کو ہوتے تھے لیکن اب 30 سال کی عمر کے نوجوان بھی اس کا شکار ہو رہے ہیں۔

WhatsApp
Get Alert