ملیر جیل سے فرار قیدی کی گھر سے پھندہ لگی لاش برآمد

کراچی (قدرت روزنامہ)کراچی کے علاقے ماڑی پور میں ایک گھر سے پھندا لگی لاش ملنے کا معاملہ حل ہوگیا۔ پولیس کے مطابق خودکشی کرنے والا شخص ملیر جیل کا مفرور قیدی نکلا۔
پولیس حکام نے بتایا کہ خودکشی کرنے والے قیدی کی شناخت رضا کے نام سے ہوئی ہے، جو عیدگاہ تھانے میں منشیات کے مقدمے میں گرفتار ہوکر ملیر جیل بھیجا گیا تھا۔ رضا کے خلاف 30 مارچ 2022 کو عیدگاہ تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ رضا ان قیدیوں میں شامل تھا جو چند دن پہلے ملیر جیل سے فرار ہوئے تھے۔ مفروری کے بعد رضا روپوش تھا اور بالآخر ماڑی پور کے ایک مکان میں اس کی لاش پھندے سے لٹکی ہوئی ملی۔
خیال رہے کہ چند روز قبل زلزلوں کے جھٹکوں کے دوران ملہیر جیل سے 200 سے زائد قیدی فرار ہوگئے تھی، جن کی مجموعی تعداد 214 بتائی گئی ہے۔ مفرور قیدیوں میں سے اب تک 119 کو دوبارہ گرفتار کر کے جیل واپس منتقل کیا جا چکا ہے جبکہ 95 قیدی تاحال مفرور ہیں۔
اکثر قیدیوں کوان کے گھر والوں نے خود واپس جیل پہنچایا۔
