عیدالاضحیٰ؛ قصائی نخرے دکھانے لگے، نرخ بڑھا دیے، اناڑی بھی میدان میں اُتر آئے
پہلے دن بکرا ذبح کرنے کے 10 ہزار، گائے 18 ہزار اور دوسرے دن بکرا 6 ہزار جبکہ گائے کے 10 ہزار نرخ مقرر

لاہور(قدرت روزنامہ)عید قربان کے قریب آتے ہی پیشہ ور قصائیوں نے وی آئی پی جانور کے ساتھ ساتھ عام جانور ذبح کرنے کےلیے بھی نرخ بڑھا دیے جبکہ اناڑی قصائی بھی میدان میں آگئے ہیں۔
ایکسپریس نیوز کی رپورٹ کے مطابق شہریوں نے جانور تو خرید لیا اب ذبح کروانے کے لیے قصائی کی تلاش شروع کردی ہے۔ عید قربان کے تین دن قصائیوں نے ڈبل عید جمع کرنے کی ٹھان لی۔ پیشہ ور قصائیوں کے ساتھ ساتھ ٹولیوں کی شکل میں دور دراز علاقوں سے اناڑی قصائیوں نے بھی شہر میں ڈیرے ڈال لیے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق قصابوں نے لاہور میں پہلے دن بکرا ذبح کرنے کے 10 ہزار، گائے 18 ہزار اور دوسرے دن بکرے کے 6 ہزار جبکہ گائے ذبح کرنے کے 10 ہزار نرخ مقرر کیے ہیں۔
پیشہ ور قسائیوں کے نرخ دیکھ کر اناڑی قصائیوں نے بھی شہریوں کی جیبوں پر ہاتھ صاف کرنے کی ٹھان لی ہے اور آدھے پیسوں میں بڑا اور چھوٹا جانور ذبح کرنے کی بکنگ شروع کر رکھی ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ قصابوں کی جانب سے وی آئی پی جانوروں کی قربانی کےلیے منہ مانگی اجرت طلب کی جارہی ہے۔
