کوئٹہ شہرمیں عیدالاضحی کی تعطیلات کے دوران لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی، کیسکو


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی(کیسکو) کی جانب سے عیدالا ضحی کی تعطیلات کے دوران صارفین کو بلاتعطل بجلی فراہمی کے لئے مختلف انتظامات کئے گئے ہیں۔ اس سلسلے میں عید الاضحی کی تعطیلات کے دوران (یعنی7جون سے9جون تک) کوئٹہ شہرکے تمام فیڈروں پر لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی جبکہ کوئٹہ سے باہر ڈسٹرکٹ وتحصیل ہیڈکوارٹرزمیں بھی عید الاضحی کی تعطیلات کے دوران بجلی کی لوڈشیڈنگ نہیں کی جائے گی تاہم دیہی فیڈروں کو انکے پرانے شیڈول کے مطابق بجلی فراہم کی جائے گی۔عیدالاضحی کی تعطیلات کے دوران (7جون تا9جون)کیسکوکے سینٹرل کمپلینٹ سیل کوئٹہ (ٹیلی فون نمبر 0819201445 اور 0812829753) کو مرکزی مانیٹرنگ وایمرجنسی کنٹرول سینٹر قرار دیا گیا ہے۔ مرکزی مانیٹرنگ وایمرجنسی کنٹرول سینٹر چیف انجینئرکی زیرنگرانی ایگزیکٹو انجینئر، ایس ڈی او اور لائن اسٹاف پر مشتمل عملہ 24گھنٹے تین شفٹ میں کام کرتا رہے گا جو صارفین کی جانب سے شہرکے کسی بھی علاقہ سے بجلی کے منقطع ہونے یا فنی خرابی کی شکایت موصول ہونے پر کارروائی عمل میں لائے گی اورمتعلقہ سب ڈویژن کوکم سے کم وقت میں بجلی بحالی کاپابند بنائے گا۔ اس کے علاوہ مرکزی مانیٹرنگ وایمرجنسی کنٹرول سینٹر صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت صوبہ بھرمیں تمام 11Kv فیڈروں سے بجلی فراہمی کی صورتحال، فنی خرابی اور صارفین کی شکایات سے متعلق کیسکوکے اعلیٰ حکام کو بھی آگاہ کرتارہے گا۔عیدالاضحی کی تعطیلات کے دوران گرڈسسٹم آپریشن (جی ایس او) اسٹاف گرڈاسٹیشنز میں جبکہ آپریشن اسٹاف اپنے متعلقہ دفاترمیں موجودگی کو یقینی بنائیں گے تاکہ کسی بھی فنی خرابی کو کم سے کم وقت میں دورکیاجاسکے اور صارفین کی شکایات کا بروقت ازالہ بھی ممکن بنایاجاسکے۔کیسکونے اس موقع پر تمام صارفین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بجلی کے بلوں کی بروقت ادائیگی کرنے کے علاوہ بقایاجات بھی اداکریں تاکہ کیسکوآپ کو عید الاضحی کے بعد بھی بلاتعطل بجلی کی فراہمی یقینی بناسکے۔

WhatsApp
Get Alert