پی ایس ایل سیون میں شاہد آفریدی کونسی ٹیم میں نظر آئیں گے؟مداحوں کیلئے بڑا سرپرائز

لاہور (قدرت روزنامہ)شاہد آفریدی نے ایک مرتبہ پھر اپنی ٹیم بدل لی، بوم بوم آفریدی پاکستان سپر لیگ 7 کے دوران کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کریں گے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ کی سابقہ چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک ندیم عمر کی جانب سے تصدیق کی گئی ہے کہ پاکستان کے سابق کپتان شاہد آفریدی پی ایس ایل 7 میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا حصہ ہوں گے۔ ندیم عمر کی جانب سے یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ سرفراز احمد ہی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان رہیں گے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک نے خدشے کا اظہار کیا کہ شاید اس مرتبہ پی ایس ایل کا پلیئرز ڈرافٹ نہیں ہو پائے گا۔ واضح رہے کہ شاہد آفریدی اس سے قبل پی ایس ایل میں پشاور زلمی، کراچی کنگز اور ملتان سلطانز کی نمائندگی کر چکے ہیں۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پی ایس ایل میں شاہد خان آفریدی کی چوتھی ٹیم ہو گی۔دوسری جانب بتایا گیا ہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 7ویں ایڈیشن کے لیے پلیئرز ڈرافٹ دسمبر کے دوسرے ہفتے میں ہونے کا امکان ہے ۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پی ایس ایل کے اگلے ایڈیشن کے میچز کراچی اور لاہورمیں کروانے کا منصوبہ بنایا گیا ہے ۔ پی ایس ایل کے 7ویں ایڈیشن کے لیے پلیئرز ڈرافٹ 8 سے 10 دسمبر کے درمیان ہوگا۔ کھلاڑیوں کی ری ٹینشن اور ڈرافٹ کے لیے کرکٹرز کی فہرست پر کام جاری ہے۔پاکستان کا پریمیئر T20 ٹورنامنٹ عام طور پر فروری میں شروع ہوتا ہے، توقع ہے کہ یہ ٹورنامنٹ اس بار جنوری کے آخری ہفتے میں شروع ہو گا کیونکہ مارچ میں آسٹریلیا کا دورہ شیڈول ہے۔ پہلے مرحلے میں میچز کراچی اور دوسرے مرحلے میں لاہور میں کروانے کا پلان تیار کیا گیا ہے تاہم ٹورنامنٹ کے باضابطہ شیڈول کا اعلان پاکستان کرکٹ بورڈ مقررہ وقت پر کرے گا۔ یاد رہے کہ محمد رضوان کی قیادت میں پی ایس ایل 6 کی ٹرافی ملتان سلطانز نے جیتی تھی، ملتان سلطانز کی ٹیم اعزاز کا دفاع کرے گی۔