روہت شیٹی نے کترینہ کیف کا کونسا مطالبہ مان لیا ؟

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)بھارتی اداکارہ کترینہ کیف کی جانب سے سیکیورٹی فورسز میں کام کرنے والی اہلکار خواتین پر فلم بنانے کا مطالبہ ہدایتکار روہت شیٹی نےتسلیم کر لیا ہے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق رواں ماہ کے آغاز میں کترینہ کیف اور روہت شیٹی نے مشہور کامیڈی شو ’دی کپل شرما شو‘ میں ایک ساتھ بطور مہمان شرکت کی تھی۔
یہ دونوں اس شو میں اپنی آنے والی فلم ’سوریا ونشی‘ کی پروموشن کے لیے آئے تھے جو کہ پولیس کے مختلف کرداروں پر مبنی ایک فلم ہے۔
اس شو میں کترینہ کیف کی جانب سے فورسز اور پولیس پر متعدد فلمیں بنانے والے ہدایتکار روہت شیٹی سے مطالبہ کیا گیا تھا کہ وہ خاتون اہلکاروں کی زندگی پر بھی فلم بنائیں جس پر حال ہی میں روہت شیٹی نے بات کرتے ہوئے اس مطالبے کو تسلیم کر لیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق روہت شیٹی کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے سبب بہت سی فلمیں ریلیز ہونے کے لیے لائن میں لگی ہیں، جیسے جیسے حالات بہتر ہو رہے ہیں اور کورونا وائرس کم ہو رہا ہے فلمیں ریلیز کی جا رہی ہیں، وہ خاتون اہلکاروں کی زندگی پر فلم بنانے کے لیے تیار ہیں مگر اس میں ایک سال یا اس سے بھی زائد کا عرصہ لگ سکتا ہے۔روہت شیٹی کا کہنا تھا کہ اُن کے پاس اس وقت بہت سے پروجیکٹ لائن اَپ ہیں جو پہلے مکمل کیے جائیں گے پھر وہ کترینہ کیف کا مطالبہ مانتے ہوئے خاتون اہلکاروں پر فلم ضرور بنائیں گے۔