ناظم جوکھیو قتل کی تفتیشی ٹیم تبدیل
کراچی (قدرت روزنامہ)ناظم جوکھیو قتل کیس کی تفتیشی ٹیم تبدیل کر دی گئی ہے۔نئی تفتیشی ٹیم کا ایڈیشنل آئی جی کراچی عمران یعقوب منہاس نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
جاری کیئے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق اے آئی جی تنویر عالم اوڈھو نئی 3 رکنی تفتیشی ٹیم کے سربراہ مقرر کیئے گئے ہیں۔ایڈیشنل آئی جی کراچی کے نوٹیفکیشن کے مطابق ٹیم میں ڈی ایس پی غلام علی جمانی اور انسپکٹر سراج احمد لاشاری شامل ہیں۔
تفتیشی حکام کی جانب سے کہا گیا ہے کہ تفتیشی ٹیم کی تبدیلی کا فیصلہ مقتول کے اہلِ خانہ کی درخواست پر کیا گیا ہے۔تفتیشی حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ مقتول ناظم جوکھیو کے اہلِ خانہ نے 15 نومبر کو تفتیش کرنے والی پہلی ٹیم پر عدم اعتماد کا اظہار کیا تھا۔