عید الاضحی کے تین دنوں میں بلوچستان کی شاہراہوں پر 345 حادثات، 672 زخمی اور 2 جاں بحق
مجموعی طور پر عید کی تعطیلات کے دوران شاہراہوں پر بڑھتی ہوئی ٹریفک اور ممکنہ طور پر تیز رفتاری اور لاپرواہی ڈرائیونگ ان حادثات کی اہم وجوہات ہوسکتی ہیں۔

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)عید الاضحی کی تعطیلات کے دوران بلوچستان کی شاہراہوں پر ٹریفک حادثات میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا۔ ایمرجنسی ریسپانس سینٹرز کی جانب سے جاری کردہ تین روزہ اعداد و شمار کے مطابق عید کے ایام:یکم سے 3 ذی الحجہ: کے دوران صوبے بھر میں کل 345 ٹریفک حادثات رپورٹ ہوئے جن میں 672 افراد زخمی ہوئے جبکہ 2 قیمتی جانیں ضائع ہوئیں۔
جاری کردہ تفصیلات کے مطابق ژوب اور خضدار کے ٹراما سینٹرز سے منسلک علاقوں میں ٹراما خضدار (N-25) شاہراہ پر 84 حادثات میں 157 افراد زخمی ہوئے۔ اسی طرح ٹراما ژوب (N-50) شاہراہ پر 107 حادثات میں 215 افراد زخمی ہوئے جو حادثات اور زخمیوں دونوں کے لحاظ سے سب سے زیادہ تعداد ہے۔تفصیلات کے مطابق وندر، لسبیلہ (N-25) کے علاقے میں بھی 20 حادثات میں 52 افراد زخمی ہوئے۔ قلعہ سیف اللہ (N-50) شاہراہ پر 15 حادثات میں 35 افراد زخمی ہوئے جبکہ زیارت کراس، پشین (N-50) شاہراہ پر 10 حادثات میں 21 افراد زخمی ہوئے۔افسوسناک بات یہ ہے کہ ان حادثات میں دو افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
یہ اموات شینکائی اور قلعہ سیف اللہ (N-50) کے علاقوں میں ریکارڈ کی گئیں۔دیگر اہم شاہراہوں اور علاقوں میں جہاں حادثات رپورٹ ہوئے ان میں لکپاس، مستونگ (N-25)، قلات، قلات (N-25)، باغبانہ، خضدار (N-25)، ٹیارو، لسبیلہ (N-25)، پشین (N-25)، چمن (N-25)، شیرانی (N-50)، سوراب (N-85)، گوکرت، کچھی (N-65)، بختیارآباد، سبی (N-65)، کیٹل فارم، جعفرآباد (N-65)، لورالائی (N-70)، دشت، تربت (M-8)، ہوشاب، کیچ (M-8)، سبزاب، پنجگور (N-85)، باسیمہ، واشک (N-85) ، بارکان (N-86) اور دیگر چند علاقے شامل ہیں۔
