عاصم اظہر اور میرب علی کا علیحدگی کا اعلان، تین سال بعد منگنی کیوں توڑ دی؟

کراچی (قدرت روزنامہ)معروف گلوکار عاصم اظہر اور اداکارہ میرب علی نے تین سالہ منگنی کے بعد علیحدگی کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔
دونوں فنکاروں نے مداحوں سے درخواست کی ہے کہ وہ اس نجی اور باہمی فیصلے کو سمجھتے ہوئے ان کی پرائیویسی کا احترام کریں۔
عاصم اظہر نے بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے یہ اعلان کرتے ہوئے کہا کہ “میرب اور میں نے سوچ بچار اور غور و فکر کے بعد باہمی رضامندی سے اپنی راہیں الگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے مزید لکھا کہ اگرچہ ہم نے ایک دوسرے کے ساتھ بہت خوبصورت لمحات گزارے اور ایک مشترکہ مستقبل کی امید رکھی لیکن بعض اوقات زندگی اپنے فیصلے خود کر لیتی ہے۔

عاصم اظہر نے اس بات پر زور دیا کہ ہم ایک دوسرے اور اپنے خاندانوں کے لیے دل سے عزت رکھتے ہیں اور ہمیشہ رکھتے رہیں گے۔ ہم گزارش کرتے ہیں کہ آپ سب اس وقت ہماری نجی زندگی کا خیال رکھیں، جیسا کہ ہم یہ خبر شائستگی سے شیئر کر رہے ہیں۔
یاد رہے کہ عاصم اظہر اور میرب علی کی منگنی مارچ 2022 میں ہوئی تھی، جسے قریبی خاندان کی موجودگی میں سادہ مگر خوبصورت تقریب کے ذریعے منایا گیا تھا۔
اگرچہ دونوں نے اپنی ذاتی زندگی کو ہمیشہ میڈیا کی نظروں سے دور رکھا تاہم مختلف تقاریب میں وہ اکثر ایک ساتھ دکھائی دیے اور ایک دوسرے کے فنی منصوبوں کی کھل کر حمایت کی۔
ان کی اچانک علیحدگی کی خبر سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر مداحوں کی جانب سے ملا جلا ردعمل دیکھنے میں آ رہا ہے، جہاں کئی افراد نے افسوس کا اظہار کیا تو کچھ نے ان کے فیصلے کا احترام کرتے ہوئے نیک خواہشات کا پیغام دیا۔
