احمد آباد میں ایئر انڈیا کا طیارہ کریش، امریکی اسٹاک مارکیٹ میں بوئنگ کمپنی کے شیئرز گر گئے


احمد آباد(قدرت روزنامہ)ایئر انڈیا کا لندن کے گیٹوک ایئرپورٹ جانے والا مسافر طیارہ جمعرات کے روز بھارتی ریاست گجرات کے شہر احمد آباد سے روانگی کے چند منٹ بعد حادثے کا شکار ہو گیا، طیارے میں گجرات کے سابق وزیر اعلیٰ وجے روپانی سمیت 242 مسافر سوار تھے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثہ ٹیک آف کے 10 منٹ کے اندر پیش آیا، حادثے کے بعد احمد آباد ایئرپورٹ سے تمام پروازیں عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہیں۔

بدقسمت پرواز کا نمبر اے آئی 171 تھا اور یہ ایک بوئنگ 787-8 ڈریم لائنر طیارہ تھا، فلائٹ ٹریکنگ ویب سائٹ فلائٹ ریڈار 24 کے مطابق یہ طیارہ دسمبر 2013 میں پہلی بار اڑا تھا اور جنوری 2014 میں ایئر انڈیا کو فراہم کیا گیا تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بوئنگ کمپنی کے شیئرز امریکی اسٹاک مارکیٹ کے پری مارکیٹ ٹریڈنگ میں6 فیصد سے زائد کمی کا شکار ہو گئے ہیں۔
اپنے ایکس ہینڈل پر فلائٹ ریڈار24 نے حادثے کی ابتدائی تفصیلات بتاتے ہوئے لکھا ہے کہ پروازاے آئی 171 کا ابتدائی اےڈی ایس بی ڈیٹا ظاہر کرتا ہے کہ طیارے نے 625 فٹ کی بلندی تک پہنچنے کے بعد اچانک نیچے آنا شروع کیا، اور اس کی رفتار منفی 475 فٹ فی منٹ کی تھی۔
فلائٹ ریڈار نے مزید بتایا کہ طیارے کا سگنل 10:08 بجے صبح مقامی وقت پر غائب ہو گیا، یعنی ٹیک آف کے ایک منٹ سے بھی کم وقت بعد۔
تاحال ہلاکتوں یا بچنے والوں کے بارے میں سرکاری طور پر کوئی تصدیق سامنے نہیں آئی ہے، ریسکیو ٹیمیں جائے حادثہ پر موجود ہیں اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

WhatsApp
Get Alert