حکومت بلوچستان کا پاکستان ریلویز کے تعاون سے پیپلز ٹرین چلانے کا فیصلہ

کوئٹہ (قدرت روزنامہ)حکومت بلوچستان نے پاکستان ریلویز کے تعاون سے پیپلز ٹرین چلانے کا فیصلہ کیا ہے جو کہ سریاب اور کچلاک کے درمیان چلائی جائے گی۔ اس فیصلے کے تحت، پاکستان ریلویز کے پانچ پرانے اسٹیشنوں کو اپ گریڈ کیا جائے گا اور دو نئے اسٹیشنوں کی تعمیر کی جائے گی۔ اس کے علاوہ، پاکستان ریلویز کا ٹریک اپ گریڈ کر کے ٹرین کی رفتار بڑھائی جائے گی۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان، میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ پیپلز ٹرین سروس سے کوئٹہ اور اس کے گرد و نواح کے عوام کو آرام دہ، معیاری اور سستی سفری سہولتیں میسر آئیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ منصوبہ عوامی سہولت، سستی ٹرانسپورٹ اور جدید سفری نظام کے خواب کی تعبیر ہے اور اس سے کوئٹہ کے شہریوں کو روزانہ کی آمد و رفت میں آسانی اور وقت کی بچت حاصل ہوگی۔


وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ریلویز اسٹیشنز کو جدید سہولتوں سے آراستہ کر کے شہریوں کے لیے محفوظ اور باوقار ماحول یقینی بنایا جائے گا۔ اس کے ساتھ ہی حکومت بلوچستان ٹرانسپورٹ کے شعبے میں عوام دوست اور دیرپا منصوبے متعارف کروا رہی ہے۔ پیپلز ٹرین سروس ترقی کی جانب پہلا قدم ہے اور جلد مزید اقدامات اٹھائے جائیں گے۔
